نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ ،کوالیفائر میں اسٹارز نے چیلنجرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی

جمعرات 22 مئی 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالیفائر میں اسٹارز نے چیلنجرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی اسٹارز نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں ان کا مقابلہ 24 مئی کو کانکررز سے ہو گا۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔

طوبیٰ حسن نے 35، حورینہ سجاد نے 34 اور سدرہ نواز نے 33 قیمتی رنز بنائے۔

(جاری ہے)

چیلنجرز کی جانب سے رامین شمیم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں چیلنجرز کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 128 رنز ہی بنا سکی۔ یسرٰی عامر 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جب کہ نتالیہ پرویز نے 28 اور صدف شمس نے 27 رنز کا اضافہ کیا۔ آخری لمحات میں چیلنجرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور صرف 25 رنز کے اضافے پر ان کی 6 وکٹیں گر گئیں۔ اسٹارز کی جانب سے فاطمہ زہرہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 15 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور انہیں شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 22/05/2025 - 22:00:03

متعلقہ عنوان :