بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، سری لنکا کا اسکواڈ کا اعلان

ٹیم کی قیادت دھننجیا ڈی سلوا کریں گے، سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سینئر آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ہوگا

منگل 17 جون 2025 14:19

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، سری لنکا کا اسکواڈ کا اعلان
کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء) بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے لیے سری لنکا نے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔سری لنکا کی ٹیم کی قیادت دھننجیا ڈی سلوا کریں گے، سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سینئر آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ہوگا۔ 37 سالہ میتھیوز نے 2009 میں گال میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اب وہ اپنا الوداعی میچ یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔

میتھیوز سے قبل دیمتھ کرونارتنے بھی رواں سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف گال ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہو چکے ہیں۔سری لنکا کی قومی ٹیم میں تین نئے کھلاڑیوں پاسندو سوریابندارا، پوان رتھناایک اور ایسیٹھا وجے سندارا کو شامل کیا گیا ہے جو اس سیریز میں ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔

(جاری ہے)

لاہیرو ادارا اور سونل دنوشا کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ جبکہ لاہیرو کمارا بھی ٹیم کا حصہ ہیں تاہم وہ انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

یہ سیریز 2025-2027 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کے آغاز کی حیثیت بھی رکھتی ہے۔پہلا ٹیسٹ 17 جون کو گال میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 جون کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔سری لنکن اسکواڈمیں دھننجیا ڈی سلوا (کپتان)، پاتھم نسانکا، اوشادا فرنینڈو، اینجلو میتھیوز، کوسل مینڈس، کامندو مینڈس، لاہیرو ادارا، دنیش چندیمل، پاسندو سوریابندارا، سونل دنوشا، پوان رتھناایک، پرباتھ جیسوریا، تھارندو رتھناایک، اکیلا داننجیا، ملان رتھناایک، اسیتھا فرنینڈو، کسن راجیتھا، ایسیٹھا وجے سنداراشامل ہیں۔
وقت اشاعت : 17/06/2025 - 14:19:29

متعلقہ عنوان :