نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری وائیٹ بال کیمپ کے پانچویں روز دلچسپ پریکٹس میچ،سلمان علی آغا الیون نے صائم ایوب الیون کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

منگل 15 جولائی 2025 00:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری وائیٹ بال کیمپ کے پانچویں روز ایک دلچسپ پریکٹس میچ کھیلا گیا جس میں سلمان علی آغا الیون نے صائم ایوب الیون کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ صائم ایوب الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

آغا الیون کی جانب سے احمد دانیال نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ کو مزید چیلنجنگ بنانے کے لیے کوچنگ اسٹاف نے سیناریو کے مطابق آغا الیون کے لیے ہدف 190 کے بجائے 219 رنز مقرر کیا۔ جواب میں سلمان علی آغا الیون نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 17.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔ فخر زمان نے 38 گیندوں پر 72 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ محمد حارث نے 27 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔ صائم ایوب الیون کی جانب سے عباس آفریدی اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 15/07/2025 - 00:20:01

متعلقہ عنوان :