انگلینڈ نے بھارت کو لارڈز ٹیسٹ میچ میں 22 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی

پیر 14 جولائی 2025 22:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) انگلینڈ نے بھارت کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 22 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی۔ لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں اور آخری روز بھارت نے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 58 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 170 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

(جاری ہے)

روندرا جدیجا نے 61 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ کے ایل راہول 39 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔ رشبھ پنٹ 9، واشنگٹن سندر صفر، نتیش کمار ریڈی 13، جسپریت بمراہ 5 اور محمد سراج 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور بین اسٹوکس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ بریڈن کارس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلش کپتان بین سٹوکس کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 14/07/2025 - 22:10:03