تین ملکی ٹی 20 سیریز کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 21 رنز سے شکست دے دی

بدھ 16 جولائی 2025 20:10

ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) تین ملکی ٹی 20 سیریز کے ایک اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 21 رنز سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 152 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نیوی لینڈ کے ٹم روبنس کو 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز ہرارے سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ٹم روبنس اور بیون جیکبز کے درمیان چھٹی وکٹ پر 103 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری رہی۔ ٹم روبنس نے 75 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ بیون جیکبز نے 44 رنز بنائے۔ جنوبی افریقی باؤلر کوینا مفاکا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں دباؤ کا شکار نظر آئی اور 18.2 اوورز میں 152 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ڈیوالڈ بریوس 35 اور جارج لنڈے 30 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے تاہم کوئی بھی کھلاڑی لمبی اننگز نہ کھیل سکا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی اور میٹ ہینری نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وقت اشاعت : 16/07/2025 - 20:10:01