ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز اور جیری لیہچکا جاپان اوپن ٹینس مینز سنگلزفائنل میں داخل

منگل 6 اکتوبر 2026 12:41

ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز اور جیری  لیہچکا جاپان اوپن ٹینس مینز سنگلزفائنل میں داخل
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2026ء) سپین کے ٹینس سٹار،دفاعی چیمپئن اورایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز اور جمہوریہ چیک کے جیری لیہچکا اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اے ٹی پی جاپان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں پہنچ گئے ۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق 23سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نےمینز سنگلز سیمی فائنل میں ہم وطن کوالیفائر کھلاڑی جاؤمے مونار کو 1-2سیٹس سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیاجبکہ جمہوریہ چیک کے جیری لیہچکا نے موناکو کے کھلاڑی ویلنٹن باچراٹ کو شکست دی۔

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ایریک کولیزیم میں اے ٹی پی ٹینس ٹورنامنٹ جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹوکیو کے ایریک کولیزیم میں اے ٹی پی ٹینس ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز کے پہلے سیمی فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن 23سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے ہم وطن کوالیفائر کھلاڑی جاؤمے مونار کو7-5، 3-6 اور 1-6 سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا،جہاں ہسپانوی سٹار اپنے اعزاز کا دفاع اور کلائی کی چوٹ سے واپسی کے بعد پہلا سنگلز ٹائٹل جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔

دوسرے سیمی فائنل میچ میں جمہوریہ چیک کے جیری لیہچکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے موناکو کے کھلاڑی ویلنٹن باچراٹ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 2-6 سے نہ صرف شکست دی بلکہ ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔کارلوس الکاراز اور جیری لیہچکا کے درمیان یہ 5 واں مقابلہ ہوگا۔ سابق عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز کو باہمی مقابلوں میں 1-3 کی برتری حاصل ہے۔

انہوں نے آخری 2 مقابلوں میں 2025 کے یو ایس اوپن اور کوئنز کلب فائنل میں کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ جیری لیہچکا کی واحد فتح 2025 قطر اوپن میں ہوئی تھی۔ الکاراز نے فروری میں آسٹریلین اوپن جیت کر کیریئر گرینڈ سلام مکمل کیا تھا، تاہم کلائی کی انجری کے باعث وہ کئی ماہ ٹینس سے دور رہے۔ یو ایس اوپن میں واپسی پر وہ کوارٹر فائنل تک پہنچے جبکہ گزشتہ ماہ لیور کپ میں یورپ کی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔ ٹوکیو میں فتح کارلوس الکاراز کو واپسی کے بعد پہلا سنگلز ٹائٹل دلانے کے ساتھ گزشتہ سال جیتا گیا جاپان اوپن کا اعزاز برقرار رکھنے کا موقع بھی ہے ۔
وقت اشاعت : 06/10/2026 - 12:41:42

متعلقہ عنوان :