شدید سردی کے باعث استور کے سرکاری سکول اور کالج 10 مارچ تک بند رہیں گے، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن

جمعرات 19 جنوری 2017 13:48

استور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن استور شاہ زمان نے کہا ہے کہ شدید سردی کے باعث طلباء کو تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ،جس کی وجہ سے استور کے سرکاری سکول اور کالج یکم جنوری تا 10 مارچ تک بند رہیں گے ۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم استور میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے ، تمام اکیڈمک سٹاف کو اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سرانجام دینے کی ہدایات کی گئی ہیں اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر حاضر اورڈیوٹی میں غفلت کے مرتکب اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ طلباء چھٹیوں کے دوران اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دیں کیونکہ سردیوں کی چھٹیاں طلباء کے لئے اپنی تعلمی صلاحیتوں میں اضافے کاسنہری موقع ہیں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں