نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی مختلف کارروائیاں، چوری کی گئی کار برآمد ،3 گمشدہ بچے ورثاء کے حوالے

منگل 10 جنوری 2017 20:06

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2017ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اسلام آباد-پشاور موٹروے ایم ون پربرہان کے قریب بروقت کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے چوری کی گئی کار برآمد کرلی اور دوران پٹرولنگ جی ٹی روڈ سے ملنے والے 3 گمشدہ بچوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کوایک ٹریکر کمپنی نے اطلاع دی کہ ایک سیاہ رنگ کی کرولا کار نمبرLWA-0580لاہور کی حدود سے چوری کی گئی ہے لہٰذا موٹروے پولیس مذکورہ کار کی برآمد گی میں مدد کرے ، یہ اطلا ع ملتے ہی موٹروے پولیس نے اپنی تمام پٹرولنگ گاڑیوں کو الرٹ کر دیا اور مذکورہ کار کی ناکہ بندی کروا دی گئی ، سخت چیکنگ کے باعث نامعلوم ملزمان کار کو موٹروے ایم ون پربرہان کے علاقے میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

موٹروے پولیس کے افسران ایس پی اواختر نواز اورپی اوعبدالقیوم نے کار کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ مذکورہ کار طارق محمود نامی شخص کی ہے جو کہ علاقہ تھانہ شاد باغ لاہور سے چوری ہوئی تھی۔ بعدازاں موٹروے پولیس نے برآمد شدہ کار کو قانونی کارروائی کے لئے مالک کی موجود گی میں لوکل پولیس تھانہ شاد باغ لاہور اینٹی کار لفٹنگ سیل کے حوالے کر دیا۔

دوسری کارروائی میں موٹروے پولیس کے افسران پی او مسعود طاہر اور پی او محمد ریاض کو نوشہرہ کے علاقے میںدوران پٹرولنگ جی ٹی روڈسے ایک 5سال کا گمشدہ بچہ ملا۔ پوچھنے پر بچے نے اپنا نام شوکت محمود ولد عبدالجبار بتایا اور کہا کہ اپنے گھر کا راستہ بھول گیا ہوں۔موٹروے پولیس کے افسران نے بچے کواپنی تحویل میں لے کر ورثاء کی تلاش شروع کر دی۔

کافی تگ و دو کے بعد موٹروے پولیس کے افسران بچے کے ماموں سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔بعدازاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد بچے کو اس کے ماموں تاج خان کے حوالے کر دیا گیا۔تیسری کارروائی میں موٹروے پولیس کو ہیلپ لائن (130) پر ایک روڈ یوزر نے اطلاع دی جی ٹی روڈ پر مندرہ کے علاقے میں 4سالہ بچہ جو سیلور رنگ کی ہائی ایس نمبر LES-8044جوکہ راولپنڈی سے منڈی بہائوالدین جارہی ہیمیں سے پیچھے رہ گیا ہے ۔

یہ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران پی اومحمد منیر اورپی او راشد مغل فوری طور پر موقع پر پہنچے اور بچے کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا۔ پوچھنے پر بچے نے اپنا نام طلحہ ولد محمد سلیم سکنہ منڈی بہائوالدین بتایا ۔ موٹروے پولیس کے افسران بچے کے ماموں سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔بعدازاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد بچے کو اس کے ماموں فیصل زید سکنہ منڈی بہائوالدین کے حوالے کر دیا گیا۔

چوتھی کارروائی میں موٹروے پولیس کے افسران پی او محمد اظہر اورپی او فرحت حسین کو سرائے عالمگیر کے علاقے میں دوران پٹرولنگ جی ٹی روڈ پرایک لڑکا جس کی عمر 21سال تھی کو پیدل چلتے ہوئے دیکھا جس کا ذہنی توازن خراب تھا۔ موٹروے پولیس کے افسران نے لڑکے کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے کر پوچھا تو وہ اپنا نام اور پتہ نہ بتا سکا ۔ مذکورہ لڑکے سے ایک موبائل نمبر برآمد ہوا۔ جس کے ذریعے اس کے والد سے رابطہ کیا گیا۔ لڑکے کے والد نے بتایا کہ لڑکے کا نام محمد مدثر ہے ۔ بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد بچے کو اس کے والد محمداسحق سکنہ جہلم کے حوالے کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں