بھارت کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر حوصلے پست نہیں کر سکتا‘ بھارت کشمیریوں کو اصل نصب لعین سے ہٹانے کے درپہ ہے ‘ بھارت کنٹرول لائن فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھ کر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو چھپانا چاہتا ہے

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے ضلعی صدریوتھ ونگ میرپورراجہ منیب ٹھاکرکی بات چیت

ہفتہ 21 جنوری 2017 14:53

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے ضلعی صدریوتھ ونگ میرپورراجہ منیب ٹھاکرنے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر ان حوصلے پست نہیں کر سکتا ۔ بھارت طویل عرصہ سے کشمیریوں کو اپنے اصل نصب لعین سے ہٹانے کے درپہ ہے ۔ بھارت کنٹرول لائن فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھ کر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو چھپانا چاہتا ہے سیز فائر لائن پر بھارتی فوج کی گولہ باری میں شدت ، بھارتی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے مظالم میں جس قدر اضافہ ہورہا ہے تحریک آزادی کشمیر بھی اس عزم حوصلے اور شدت کے ساتھ ابھر رہی ہے ۔ نہتے کشمیری عوام نے بھارتی جدید اسلحہ سے لیس فوج کو کشمیر کے اندر عملاً بے بس کرکے رکھ دیا ہے مقبوضہ کشمیر سے بھارت کے قدم اکھڑ چکے ہیں اور لڑکھڑاتی بھارتی قابض افواج اپنی شکست کو چھپانے کیلئے سیز فائر لائن کی طرف محاذ گرم کرکے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

راجہ منیب ٹھاکرنے کہا کہ بھارتی حکمران سمجھتے ہیں کہ سیز فائر لائن پر گولہ باری اور مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مظالم میں اضافہ کرکے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کیا جاسکتا ہے تو یہ ان کی بھول ہے ۔ ریاستی عوام گزشتہ 69سال سے اپنے زور بازو کی بنیاد پر بھارت کی قابض افواج کے جبر کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میںجاری تحریک مزاحمت بنیادی طور پر تحریک تکمیل پاکستا ن ہے ۔ پاکستان کیساتھ الحاق کیلئے کشمیریوں کی تیسری نسل کی قربانی جاری ہے اور یہ قربانیوں کا سفر منزل کے حصول تک جاری رہے گا۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں