سپیکراسد قیصرکی جے یوآئی س کے سربراہ مولاسمیع الحق سے ملاقات

منگل 17 جنوری 2017 19:46

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء)خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے اکوڑہ خٹک میں جمعیة علماء اسلام اور دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔ انہوں نے دارالعلوم کے مختلف تعلیمی شعبے اور حقانیہ ہائی سکول کا معائنہ کیا، اور مولانا سمیع الحق سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ،انہوں نے نصاب تعلیم میں عقیدہ ختم نبوت کے نصاب میں شامل کرنے اور چھٹی کلاس سے بارہویں جماعت تک قرآن کریم بمعہ ترجمہ بطور لازمی مضمون قرار دینے سے آگاہ کیا،انہوں نے اسکولوں کے نصاب کے بارے میں اٹھائے گئے الزامات اور اعتراضات کے بارہ میں کہا کہ بہت جلد اس مسئلہ پر صوبائی کابینہ غور کرے گی، اوراگر کوئی غلط بات سامنے آئی تو فوراً اس کا ازالہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مولانا نے دینیات کے نصاب کے بارے میں انہیں دارالعلوم کے جید علماء اور مفتیوں سے ملایا جو نصاب تعلیم پر نظرثانی کرنے والی کمیٹی سے مشاورت اور رہنمائی کرے گی، سپیکر نے صوبائی حکومت کی طرف سے نجی سطح پر جاری سودی کاروبار کے ممانعت کے بارے میں کی گئی قانون سازی سے بھی مولانا کو آگاہ کیا، مولانا سمیع الحق نے ان تمام دینی اقدامات کو سراہا، اور اسلامائزیشن کے سلسلہ میں مزید اقدامات کی طرف توجہ دلائی اور کہاکہ حقیقی تبدیلی یہی ہوگی اور جو ملک کے تمام صوبوں کے لئے ایک آئیڈیل بن سکے گی،انہوں نے حقانیہ ہائی سکول کے استقبالیہ تقریب سے بھی خطاب کیااور سکول کو ایک مثالی اسلامی کالج بنانے کی ضرورت پر زور دیا،دیگر صوبائی افسران کے علاوہ مقامی ایم پی اے ادریس خٹک ،جناب عارف احمد زئی ایم پی اے وغیرہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دریں اثناء دارالعلوم حقانیہ میں مولانا عبدالحفیظ مکی مہاجر مکی کی وفات کی اطلاع نہایت غم و رنج سے سنی گئی ایصال ثواب کی تقریب میں مہتمم دارالعلوم حقانیہ سربراہ جعمیة علماء اسلام و دفاع پاکستان کونسل مولنا سمیع الحق نے ان کی وفات کو علمی اور دینی دنیاکے لئے عظیم صدمہ اور خلاء قرار دیا۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ صدر وفاق المدارس مولانا سلیم اللہ خان کی وفات کے بعد یہ پے درپے حادثے بہت بڑی آزمائش ہیں۔ اللہ تعالیٰ امت کو اس نقصان کی تلافی کی توفیق دے، اجتماع میں دارالعلوم کے ہزاروں طلبا وعلماء نے شرکت کی۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں