صوبے کے عوام کو کسی نے پختون اور کسی نے اسلام کے نام پرووٹ لے کر دھوکہ دیا ، تحریک انصاف کی حکومت نے فرسودہ سیاست کا خاتمہ کرکے بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کا شمولیتی تقریب سے خطاب

جمعہ 20 جنوری 2017 20:53

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو کسی نے پختونولی اور کسی نے اسلام کے نام پرووٹ لے کر دھوکہ دیا لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے فرسودہ سیاست کا خاتمہ کرکے بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ وہ جمعہ کو تورڈھیر ضلع صوابی میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

تقریب میں تحصیل ناظم چھوٹا لاہور سہیل خان،پی ٹی آئی ضلع صوابی کے صدرانور حقداد،جنرل سیکرٹری میجرریٹائرڈ فدا حسین کے علاوہ ڈسٹرکٹ و تحصیل ممبران سمیت اہل کثیر تعداد میں شریک تھے۔اس موقع پر تورڈھیر کی بااثر شخصیت قیصر شاہ ایڈوکیٹ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ نہ صرف علاقے کی ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا بلکہ پارٹی بھی مزید مضبوط ہوگی اور نئے کارکنان پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں گے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں سپیکر نے کہا کہ صوابی کو اپنا دوسرا گھر کہنے والوں کی حقیقت کو یہاں کے عوام جان چکے ہیں اور اب وہ مزید انکے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے اپنے دور حکومت میں صوابی کو کوئی بڑا منصوبہ نہیں دیا بلکہ دونوںہاتھوں سے سرکاری خزانے کو لوٹتے رہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے صوابی کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں جن کی تکمیل سے علاقے کا نقشہ بدل رہا ہے۔

تورڈھیر کے عوام کے دیرینہ مطالبات کے حوالے سے سپیکر نے کہاکہ پورے علاقے میں بغیر کسی سیاسی اختلاف اور امتیاز کے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔سپیکر نے کہ کہا کہ 13 کلومیٹر الہ ڈھیر روڈ پر آئندہ چند ماہ میں کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے علاقے کے لئے شمسی ٹیوب ویل اور ٹرانسفارمر کی فوری تنصیب کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل علاقے کے تمام مسائل حل کر دیئے جائیں جن کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں