پا کستانی کر کٹرز کے فٹنس مسائل کی وجہ سامنے آگئی

پی سی بی ایمرجنگ کیمپ کیلئے بلائے جانیوالے تمام کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ میں ناکام کوئی بھی کرکٹر پی سی بی کے مقرر کردہ فٹنس معیار کے نصف تک بھی نہ پہنچ سکا کرکٹ بورڈ کے تھنک ٹینک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

منگل 5 مئی 2015 17:35

پا کستانی کر کٹرز کے فٹنس مسائل کی وجہ سامنے آگئی

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) ایمرجنگ کیمپ کے فٹنس ٹیسٹ کے لئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بلائے جانیوالے تمام کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے ،کوئی بھی کرکٹر پی سی بی کے مقرر کردہ فٹنس معیار کے نصف تک بھی نہ پہنچ سکا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتینیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونیوالے فٹنس ٹیسٹ میں کوئی بھی کرکٹر کرکٹ بورڈ کے مقرر کردہ فٹنس معیار کے نصف تک بھی پہنچنے میں ناکام رہا ہے ۔

پی سی بی نے فٹنس کیلئے بین الاقوامی معیار سے کم تر معیار کو ہدف بنا رکھا ہے لیکن پھر بھی کرکٹر فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوتے ہیں ۔ ایمرجنگ کیمپ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کرنیوالے 18 کرکٹرز کو ایمرجنگ کیمپ کیلئے طلب کیا تھا ۔

(جاری ہے)

این سی اے کے ذرائع کے مطابق کوئی بھی کھلاڑی مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتر سکا ۔

کرکٹ بورڈ نے 70 فیصد فٹنس کا معیار مقرر کر رکھا ہے مگر ایمرجنگ کیمپ میں فٹنس کیمپ کیلئے فٹنس کا معیار 60 فیصد مقرر کیا گیا تھا ذرائع کے مطابق صرف تین کھلاڑی 57 ، 58 اور 59 فیصد فٹ تھے بعض کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو صرف 30 فیصد تک پہنچ سکے ۔ ذرائع نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ فٹنس ٹیسٹ میں شامل کیے گئے تمام سینئرز اور 30 سال سے زائد عمر کے کھلاڑی 30 فیصد فٹنس تک ہی پہنچ سکے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی فٹنس کی خراب صورتحال کی وجہ سے کرکٹ بورڈ کے تھنک ٹینک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ، فرسٹ کلاس کرکٹ میں کمزور فزیکل فٹنس سے اس شعبے کی کمزوری بھی کھل کر سامنے آگئی ہے ۔ کرکٹ بورڈ کے ایک ذمہ دار نے یہ بھی بتایا کہ ایمرجنگ کیمپ کیلئے طلب کیے جانیوالے کرکٹرز کو ان کی حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر طلب نہیں کیا گیا تھا ، معمولی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کیلئے بلایا گیا ۔

ذرائع کے مطابق فرسٹ کلاس کرکٹر نے سلیکشن کمیٹی کے فزیکل فٹنس کے طریقہ کار کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے ۔ کھلاڑیوں کا موقف تھا کہ انہیں ایک دن کے نوٹس پر فزیکل ٹیسٹ کیلئے بلایا گیا ہے جبکہ قانون کے مطابق پی سی بی کو ہمیں فٹنس ٹیسٹ کیلئے 15 دن قبل آگاہ کرنا چاہیے تھا ۔

وقت اشاعت : 05/05/2015 - 17:35:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :