ناقص سکیورٹی مہیا کرنے پر راجر فیڈرر فرنچ اوپن منتظمین پر برہم

اتوار 24 مئی 2015 19:59

ناقص سکیورٹی مہیا کرنے پر راجر فیڈرر فرنچ اوپن منتظمین پر برہم

پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24مئی ۔2015ء ) سوئس ٹینس سٹار راجر فیڈرر کمزور سیکیورٹی ملنے پرفرنچ اوپن کی انتظامیہ پر برس پڑے ۔ 17 مرتبہ گرینڈ سلیم جیتنے والے فیڈرر اتوار کے روز کولمبین حریف کو شکست دینے کے بعد کورٹ سے جا رہے تھے جب اچانک ایک لڑکا دوڑتا ہوا آیا اور سوئس سٹار کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی ۔ سکیورٹی عملے نے فوراً لڑکے کو پکڑ لیا لیکن 33 سالہ فیڈرر سکیورٹی کی کمزوری پر غصے میں آ گئے اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جو کچھ بھی ہوا وہ اس پر خوش نہیں ہیں ، گزشتہ روز پریکٹس کے دوران بھی ایسا ہی ہوا جب تین بچے آ گئے اور آج ایسا ہی واقعہ سینٹر کورٹ میں پیش آیا جہاں آپ ایسی حرکت کا تصور بھی نہیں کر سکتے ، انکا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے کچھ اقدامات اٹھائے جانے چاہیں۔

(جاری ہے)

عموماً وہ اپنی ذات کے حوالے سے ہی بات کرتے ہوں لیکن آج پیش آنے والی صورتحال کے بعد وہ دوسرے کھلاڑیوں کی جانب سے بھی کہیں گے کہ کھلاڑیوں کو اپنا کھیل پیش کرنے کے دوران تحفظ کا احساس ملنا چاہیے ۔ خیا ل رہے کہ 2009ء کے فائنل میں بھی فیڈرر کو اسی طرح کی صورتحال دیکھنا پڑی تھی جب اسی کورٹ میں ایک مداح بھاگتا ہوا آیا اور ان کےسر پر اپنی ٹوپی رکھ دی۔ 1993ء ہیمبرگ میں ایک مداح کی جانب سے مونیکا سیلس کو چھری گھونپنے کےواقعہ کے بعد سے ٹینس ٹورنامنٹس کے دوران کھلاڑیوں کا تحفط بڑی تشویش کا سبب رہا ہے ۔

وقت اشاعت : 24/05/2015 - 19:59:52