کینگرو ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن ایشز سیریز کے حوالے سے تشویش کا شکار

ہفتہ 30 مئی 2015 13:07

کینگرو ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن ایشز سیریز کے حوالے سے تشویش کا شکار

سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30مئی۔2015ء) انگلش کرکٹ ٹیم کیلئے کوچنگ میں ٹریور بیلس کی خدمات حاصل کرنے کے بعد آسٹریلین ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین ایشز سیریز کے حوالے سے فکرمند ہوگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے ہم وطن آفیشل کی انگلینڈ کیلئے تقرری کے بعد روایتی سیریز کافی سخت ثابت ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریور بیلس اپنے ملک میں کھیل کے حوالے سے کافی خدمات انجام دے چکے ہیں اور طویل و مختصر فارمیٹ میں نیو ساؤتھ ویلز کی کوچنگ کے دوران بہترین کامیابیاں حاصل کیں۔

ان کی رہنمائی سے ٹیمیں بہترین تیاری کرتی نظر آئیں اور اس مرتبہ ان کی انگلینڈ کیلئے خدمات سے کینگروز کو تنبیہ ملی کہ رواں سال ایشزسیریز میں کافی سخت مقابلے ہوں گے ۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹریور بیلس کی تقرری کے بعد کرکٹ سرکل سے وابستہ لوگوں کا بہت زیادہ مثبت ردعمل سامنے آیا ہے کیونکہ ان کا کوچنگ ٹریک ریکارڈ بہترین رہا ہے اور وہ سری لنکن ٹیم کی کوچنگ میں بھی اپنی صلاحیت کو خوب منوا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی رہنمائی سے سری لنکا کو 2011ء کے ورلڈ کپ اور 2009ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کا موقع ملا تھا۔ ان کے انگلینڈ کے ساتھ وابستہ ہونے کے بعد آسٹریلیا میں دو نئی ملازمتوں کی گنجائش بھی پیدا ہوگئی ہے جس میں سے ایک نیو ساؤتھ ویلز کی کوچنگ شامل ہے جبکہ بگ بیش لیگ کی فرنچائز سڈنی سکسرز کو بھی اب نیا کوچ تلاش کرنا ہوگا۔ انگلش ٹیم کی کوچنگ کیلئے تقرری کے بعد ماہرین کھیل ایشز سیریز کو ان کی صلاحیتوں کا اصل امتحان قرار دے رہے ہیں ۔

وقت اشاعت : 30/05/2015 - 13:07:16