متعصبانہ زبان کا استعمال ، ڈبلیو ڈبلیو ای نے لیجنڈری ریسلر ہلک ہوگن کو نکال دیا

ہفتہ 25 جولائی 2015 12:45

متعصبانہ زبان کا استعمال ، ڈبلیو ڈبلیو ای نے لیجنڈری ریسلر ہلک ہوگن کو نکال دیا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25جولائی۔2015ء) ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ نے عظیم ریسلر ہلک ہوگن سے اپنے تمام معاہدے منسوخ کر دیئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ریسلنگ ادارے نے کہا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای نے ٹیری بولیا (ہلک ہوگن) کو نکال دیا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای نے مزید کہا کہ ہم ہر قسم کے پس منظر رکھنے والے افراد کے ساتھ خوشیاں منانے اور ملازمین، ریسلرز اور مداحوں کو گومگو کی کیفیت سے نکالنے کیلئے پرعزم ہیں ۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای نے ہوگن سے متعلقہ تمام مواد بھی اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا ہے مگر ڈبلیو ڈبلیو ای نے اس کی کوئی آفیشل وجہ نہیں بتائی۔ واضح رہے کہ ہوگن کا شمار ریسلنگ کی دنیا کے روشن ستاروں میں ہوتا ہے اور وہ 1980ءسے میدان میں ہیں۔ 6سال کی غیرحاضری کے بعد وہ حال ہی میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ وابستہ ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

سوشل ویب سائٹ پر ہوگن نے ٹویٹ کیا ہے کہ میں نے طوفان میں اپنے آپ کو تنہا چھوڑ دیا ہے، خدا اور اس کی کائنات جہاں چاہے مجھے لے جائے ۔

بعد ازاں ہوگن نے ایک میگزین کو بتایا کہ انہوں نے 8سال قبل ایک گفتگو کے دوران تکلیف دہ جملے کہے تھے جو ان کے لیے بھی ناقابل قبول تھے اور اس کے لیے وہ معافی چاہتے ہیں ۔ ہوگن کے مطابق وہ اس بات پر بہت پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ہمیں کسی کو نسلی، مذہبی، لسانی یا تعصب کی بنیادوں پر نہیں دیکھنا چاہیے۔ اس زبان کے استعمال پر وہ اپنے آپ سے بہت مایوس اور شرمندہ ہیں۔

وقت اشاعت : 25/07/2015 - 12:45:39