چیلسی نے اسپینش اور یورپیئن چیمپیئن بارسلونا کو دوستانہ میچ میں 4-2 سے شکست دے دی

مقررہ وقت تک مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا، میچ کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا

بدھ 29 جولائی 2015 17:49

چیلسی نے اسپینش اور یورپیئن چیمپیئن بارسلونا کو دوستانہ میچ میں 4-2 سے شکست دے دی

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) انگلش پریمیئر لیگ کی چیمپیئن چیلسی نے اسپینش اور یورپیئن چیمپیئن بارسلونا کو دوستانہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-2 سے شکست دے دی۔امریکا کی نیشنل فٹبال لیگ کی ٹیم واشنگٹن ریڈ اسکن کے ہوم گراؤنڈ پر دونوں چیمپیئن کلب ٹیموں کے درمیان میچ کو دیکھنے کیلئے تقریباً 79 ہزار شائقین موجود تھے۔

چیلسی نے میچ کا کامیاب انداز میں آغاز کرتے ہوئے 10ویں منٹ میں اسٹار ایڈن ہیزارڈ کے گول کی بدولت میچ میں برتری حاصل کر لی۔اس کے بعد بارسلونا نے میچ برابر کرنے کیلئے کافی حملے کیے لیکن وہ پہلے ہاف کے اختتام تک میچ برابر کرنے میں ناکام رہے۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بارسلونا نے جارحانہ انداز میں واپسی کی اور 52ویں منٹ میں سواریز کے گول کی بدولت میچ برابر کردیا۔

(جاری ہے)

14 منٹ بعد بارسلونا نے اس وقت برتری حاصل کی جب سینڈرو رمیریز نے گیند کو گول کی راہ دکھا دی۔اس کے بعد میچ میں تیزی آ گئی جہاں چیلسی نے میچ برابر کرنے کیلئے حریف کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے اور اس کا صلہ انہیں 85ویں منٹ میں اس وقت ملا جب چیلسی کے دفاعی کھلاڑی گیری کیہل نے خوبصورت ہیڈر کے ذریعے گول کیپر کو چکمہ دے کر میچ برابر کردیا۔مقررہ وقت کے اختتام تک مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا جبکہ اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا۔

وقت اشاعت : 29/07/2015 - 17:49:28