جنوبی افریقہ، بھارت دوسرا ٹی ٹونٹی ، عالمی کرکٹرز نے ہندوستانی مداحوں کو کھری کھری سنا دیں

منگل 6 اکتوبر 2015 12:21

جنوبی افریقہ، بھارت دوسرا ٹی ٹونٹی ، عالمی کرکٹرز نے ہندوستانی مداحوں کو کھری کھری سنا دیں

کٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء) بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے شہر کٹک میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹوئنٹی20 کرکٹ میچ میں تماشائیوں کی جانب سے میدان میں بوتلیں پھینکے جانے پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔اس میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو چھ وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔

تماشائی بھارت کی ناقص کارکردگی سے ناراض تھے کیونکہ بھارت کی ٹیم 17.2 اوورز میں صرف 92 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ٹوئٹر پر سابق کرکٹر مائیکل وان نے لکھا: ’کٹک میں بہت ہی خراب منظر نظر آئے۔

(جاری ہے)

بھارت میں بہت سے کرکٹ میدان ہیں۔ ان لوگوں کی سزا یہی ہونی چاہیے کہ کچھ سالوں تک کٹک میں بین الاقوامی میچ نہ کرائے جائیں۔ کٹک میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا کوئی بھی میچ نہ ہو۔

‘بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ نے اسے شرمناک قرار دیا۔ انھوں لکھا: ’جب ہم جیتتے ہیں تو سب اچھا، جب ہارتے ہیں تو کیا ایسا سلوک کرتے ہیں؟ کھلاڑیوں اور کھیل کا تو کچھ لحاظ کریں۔‘معروف صحافی شیکھر گپتا نے ٹویٹ کیا کہ برطانوی ہنگامہ کرنے والے گاوٴں پر اجتماعی جرمانہ عائد کرتے تھے۔ ان پر پانچ سال کی پابندی لگا دینی چاہیے۔بھارت کے باہر بھی بہت سے لوگوں نے بھارتی شائقین کے برتاوٴ پر تنقید کی ہے۔

وقت اشاعت : 06/10/2015 - 12:21:51