میرے نزدیک ڈسپلن سے زیادہ رنز سکور کرنا اہم :احمد شہزاد

جمعہ 6 مئی 2016 14:30

میرے نزدیک ڈسپلن سے زیادہ رنز سکور کرنا اہم :احمد شہزاد

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6مئی ۔2016ء )قومی ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کی باتوں سے بھی ”باغی “ بننے کی ”بو“ آنے لگی ،کہتے ہیں کہ ان کے لیے ڈسپلن سے زیادہ رنز کر نا اہم ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کے سکواڈ سے باہر ہونے والے قومی اوپنر احمد شہزاد کے اندر کا ”باغی “ جاگنے لگا ، مقامی ہسپتال میں تھیلی سیمیا کے بچوں کی عیادت کے لیے آئے اوپنر نے پی سی بی حکام کو کچھ نہ کہتے ہوئے بھی بہت کچھ کہ ڈالا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اوپننگ بلے باز کاکہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بہت عزت کرتے ہیں،ٹیم سے ڈراپ کرنے کا پی سی بی کا فیصلہ سر آنکھوں پر تاہم ان کے خیال میں کھلاڑی کے لیے ڈسپلن سے زیاد ہ رنز کرنا اہم ہے جو وہ کر رہے ہیں ،سب کے کیریئر میں اونچ نیچ آتی ہے ، انہیں پہلے بھی کئی مرتبہ ٹیم سے ڈراپ کیا تاہم ہر بار انہوں نے کم بیک کیا اور اب بھی ایسا ہی کریں گے ،کرکٹ انکا جنون ہے اور کوئی انہیں کھیلنے سے نہیں روک سکتا ۔

(جاری ہے)

احمد شہزاد کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں کیوں کہ ان کے لیے اپنے ملک کو فائدہ پہنچانا سب سے زیادہ اہم ہے اور اسی لیے وہ پاکستان کپ میں کمر کی انجری کے باوجود کھیلے تھے ،اہل خانہ اور دوستوں نے انہیں کبھی غلط سوچ اپنانے نہیں دی ،وہ اپنے تمام فیصلے گھر والوں سے پوچھ کر کرتے ہیں ۔بے تحاشہ سیلفیاں لینے کے سوال پر احمد شہزاد کاکہناتھا کہ سیلفیاں سب لیتے ہیں تاہم انکی سیلفیاں اگر کسی کے چہرے پر مسکراہٹ لائیں تو اس میں کیا ہرج ہے ،وہ کسی کے کہنے پر سیلفیاں لینا بند نہیں کرسکتے ۔

وقت اشاعت : 06/05/2016 - 14:30:48