پاکستان سپر لیگ،سپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز پر لیگ کے دروازے کھلنے کاامکان

جمعرات 30 جون 2016 11:28

پاکستان سپر لیگ،سپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز پر لیگ کے دروازے کھلنے کاامکان

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 30جون ۔2016ء )ایک طرف پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان سپر لیگ کے چند میچز پاکستان میں کرانے کی کوشش کررہا ہے تو دوسری جانب پی سی بی کے ”اعلی دماغوں“ نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کا عمل بھی دبئی میں کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم ڈرافٹنگ میں کرکٹر سلمان بٹ اور محمد آ صف کو بھی شامل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیلئے ایک سو ساٹھ کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ وسط اکتوبر میں کروائی جائے گی۔ لیگ سیکرٹریٹ کا موقف ہے کہ ڈرافٹنگ کا عمل دبئی میں کروانے کی بڑی وجہ کرکٹرز کی پاکستان میں عدم دستیابی ہے ۔پاکستان سپر لیگ میں زیادہ تر کرکٹرز کا تعلق پاکستان اور ویسٹ انڈیز سے ہے اسی لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈرافٹنگ کا عمل بھی دبئی میں مکمل کیا جائے گا جس کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ محمد عامر کے بعد سلمان بٹ اور محمد آ صف پر بھی پی ایس ایل کے دروازے کھو لے جا رہے ہیں، ڈرافٹنگ کے دوران سلمان بٹ اور محمد آ صف کا انتخاب فرنچائز کی صوابدید پر ہو گا،سلمان بٹ کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کاکردگی پر کوئی فرنچائز خرید سکتی ہے تاہم محمد آصف کا انتظار ابھی مزید لمبا ہونے کا امکان ہے۔

وقت اشاعت : 30/06/2016 - 11:28:16