تین روزہ قومی مینز اور ویمنز اوپن سوئمنگ چیمپئن شپ شروع ہوگئی

جمعہ 29 جولائی 2016 16:18

لاہور ۔ 29 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی۔2016ء) پاکستان سوئمنگ فیڈریشن اور ڈی ایچ اے کے زیر اہتمام تین روزہ 54 ویں قومی مینز اور 15ویں قومی ویمنز اوپن سوئمنگ چیمپئن شپ ڈی ایچ اے سوئمنگ پول کمپلیکس لاہور میں شروع ہوگئی، تاہم ریو اولمپک میں حصہ لینے والے سوئمرز حارث بانڈے، لیانا کیتھرائن سوان لندن میں ہونے کی وجہ سے قومی چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکے۔

پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کے صدر میجر ( ر) ماجد وسیم کے مطابق چیمپئن شپ میں ملک بھر سے سینکڑوں کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کر رہے ہیں۔ چیمپئن شپ کا آغاز خواتین کے ایونٹ سے ہوا اور بعد ازاں مینز کے ایونٹس بھی ہوئے۔ چیمپئن شپ میں چاروں صوبے، اسلام آباد، گلگت بلتستان، پاکستان ایکو یٹکس ٹیکنیکل آفیشلز ایسوسی ایشن، پاکستان ایکو یٹکس کوچز ایسوسی ایشن، پاکستان آرمی، نیوی، ایئرفورس، واپڈا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، ریلویز، پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن کی بہترین تیراکوں پر مشتمل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں تین روزہ چیمپئن شپ میں مردو و خواتین کے علیحدہ علیحدہ ایونٹس جن میں فری سٹائل، بیک سٹروک، بریسٹ سٹروک، بٹر فلائی، ریلے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ سوئمنگ کی انٹرنیشنل گورننگ باڈی فینا کے قوانین کے تحت ہو رہی ہے۔ جیتنے والے کھلاڑیوں کو پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کی طرف سے گولڈ، سلور، برانز میڈلز اور ٹیموں کو ٹرافی دی جائے گی پہلی چھ پوزیشن ہولڈرز کو میرٹ سر ٹیفکیٹ دیئے جائیں گے جبکہ نیشنل ریکارڈ، سیف ریکارڈ، ایشیئن ریکارڈ اور ورلڈ ریکارڈ بنانے پر نقد انعام دیا جائے گا۔

چیمپئن شپ کے دوران سیکورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیمپئن شپ کے انعقاد سے فیڈریشن کو نہ صرف نیا ٹیلنٹ ملے گا بلکہ انٹرنیشنل ایونٹس کیلئے ٹیم کی سلیکشن میں مدد ملے گی۔ ایشین سوئمنگ چیمپئن شپ نومبر 2016ء میں جاپان میں ہو رہی ہے جبکہ ورلڈ شارٹ کورس سوئمنگ چیمپئن شپ دسمبر میں کینیڈا میں منعقد ہوگی اور قومی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کیلئے بھیجاجائے گا۔
وقت اشاعت : 29/07/2016 - 16:18:49