سرینا ولیمز کی خواتین کی ٹینس رینکنگ میں پہلی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی

بدھ 17 اگست 2016 13:06

سرینا ولیمز کی خواتین کی ٹینس رینکنگ میں پہلی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 اگست۔2016ء) عالمی شہرت یافتہ امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کی کندھے کی انجری کے سبب خواتین کی ٹینس رینکنگ میں پہلی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی ہے۔عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کندھے کی انجری کے باعث سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورمنٹ سے دستبرداری کا اعلان کرچکی ہیں جبکہ جرمنی کی اینجلق کربر سنسناٹی اوپن کا ٹائٹل جیتنے کے بعد پہلی بار دنیا کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی بن سکتی ہیں۔

سرینا ولیمز فروری 2013 سے ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر حکمرانی کررہی ہیں، انہوں نے پہلی مرتبہ 2002 میں امریکا کی نمبرون کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔امریکی کھلاڑی نے 2016 ومبلڈن اوپن جیت کر سابق جرمن پلیئر اسٹیفی گراف کا 22 گرینڈ سلم جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ کندھے کی انجری حاصل کرنا میرے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے لیکن میں دنیائے ٹینس میں دوبارہ قدم رکھنے کے لیے بے چین ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سرینا ولیمز برازیل میں جاری ریو اولمپکس 2016 کے ٹینس ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہیں، یوکرین کی ایلینا سیویٹولینا نے دفاعی چیمپیئن سرینا ولیمز کو تیسرے راوٴنڈ میں شکست دے کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا تھا۔دوسری جانب 2016 آسٹریلین اوپن کی فاتح کھلاڑی اینجلق کربر پہلی بار کیرئیر کی بہترین رینکنگ میں پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں، انہوں نے رواں سال یکم فروری کو پہلی بار دوسری پوزیشن تک رسائی حاصل کی۔عالمی نمبر دو ٹینس کھلاڑی اینجلق کربر نے ریو اولمپکس 2016 میں چاندی کا تمغہ جیتا اور ان کو ٹینس ویمنز سنگلز فائنل ایونٹ میں پیورٹو ریکا کی مونیکا پگ کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وقت اشاعت : 17/08/2016 - 13:06:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :