ایس ایس بی جشن آزادی ڈسٹرکٹ ایسٹ فٹبال چمپئن شپ میں 5میچوں کے فیصلے

پیر 22 اگست 2016 17:33

ایس ایس بی جشن آزادی ڈسٹرکٹ ایسٹ فٹبال چمپئن شپ میں 5میچوں کے فیصلے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے جاری ایس ایس بی جشن آزادی ڈسٹرکٹ ایسٹ فٹبال چمپئن شپ میں مزید 4میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ الشہباز کورنگی نے فاروق میموریل کو 4-0، امتیاز اسپورٹس نے الجمہوریہ اسپورٹس کو 5-0، کالونی اسپورٹس نے ڈالمیا اسٹار کو 4-0اور الغازی کلب نے فیوچر اسٹار کو 1-0سے شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

اعظم اسپورٹس گراؤنڈ ڈرگ روڈ پرکھیلے گئے تین میچوں میں امتیاز اسپورٹس کو الجمہوریہ اسپورٹس کیخلاف فتح کے حصول کیلئے کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور باآسانی 5-0کی فتح ان کا مقدر بنی۔ فاتح ٹیم کیجانب سے نصیر خان اور نعمان نے 2,2جبکہ ایک گول احسان نے اسکور کیا۔ کالونی اسپورٹس ملیر نے ڈالمیا اسٹار کیخلاف 4-0سے کامیابی کو گلے لگایا۔

(جاری ہے)

کالونی اسپورٹس کی جانب سے ریحان نے 2جبکہ طالب اور نسیم نے ایک ایک بار گیند کو جال میں ڈالا۔غریب نواز ڈالمیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد کھوکھراپار نیشنل کو 2-1کی ضرب لگا کر اگلے مرحلے میں اپنی نشست کو محفوظ بنایا۔فاتح ٹیم کی جانب سے وحید اور سعید جبکہ کھوکھراپار نیشنل کا واحد گول ارباز خان نے بنایا۔محمد علی شاہ اسٹیڈیم لانڈھی پر الشہباز کورنگی نے فاروق میموریل کیخلاف 4-0کی آسان کامیابی اپنے کھاتے میں ڈالی ۔

فاتح ٹیم کیلئے حسن اور حسین نے 2,2بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ اسی گراؤنڈ پر الغازی کلب نے فیوچر اسٹار کیخلاف 1-0سے سنسنی خیز کامیابی حاصل کی ۔ مقررہ دورانیہ میں گیند نے صرف ایک بار جال کا رخ کیا جب سلیم نے گیند کو جال کی جانب روانہ کرنے میں کوئی غلطی نہ کی ۔ریفریز محمد کامران، جمیل ناز، شوکت حسین، سلیم ، طاہر قاری اور مختار تھے۔ آج (منگل) ساجدی محمڈن اورلکی مین لانڈھی کی ٹیمیں کالونی اسپورٹس اسٹیڈیم ملیر اور اعظم اسپورٹس گراؤنڈ پر کالونی محمڈن اور یاسین اسٹار جبکہ محمد علی شاہ اسٹیڈیم لانڈھی پر کراچی ککرز اور کورنگی اسٹار کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

وقت اشاعت : 22/08/2016 - 17:33:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :