عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار نوواک جوکووچ انجری کا شکار ،چائنا اوپن سے دست بردارہوگئے

جمعرات 29 ستمبر 2016 12:36

عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار نوواک جوکووچ انجری کا شکار ،چائنا اوپن سے دست بردارہوگئے

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 ستمبر۔2016ء) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کہنی کی انجری کے باعث اگلے ہفتے سے شروع ہونے والے چائنا اوپن سے دست بردارہوگئے۔سربیا سے تعلق رکھنے والے جوکووچ نے بیجنگ میں منعقد ہونے والے ایونٹ میں پہلی مرتبہ 2009 میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا اور مسلسل 29 میچوں میں کامیابی کے ساتھ مجموعی طور پر 6 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

جوکووچ نے گزشتہ سال چائنا اوپن کے فائنل میں اسپین کے کھلاڑی رافیل نڈال کوشکست سے دوچار کیا تھا۔عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے اپنے بیان میں کہا کہ 'میں رواں سال چائنا اوپن میں شرکت سے معذوری پر بے حد افسردہ ہوں'۔حال ہی میں کھیلے گئے یوایس اوپن کے فائنل میں جوکووچ کو سوئٹزرلینڈ کے اسٹین واورینکا نے شکست دے کر ٹائٹل سے محروم کردیا تھا۔

(جاری ہے)

جوکووچ کا کہنا تھا کہ 'میں تاحال کہنی کی انجری سے صحت یاب نہیں ہوا اور میری حالت بہتر ہونے تک نہ کھیلنے کا مشورہ دیا گیا ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'چائنا اوپن میرے فیورٹ ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے، مجھے چین کے پرجوش مداحوں کے سامنے کھیلنے پر خوشی ہوتی ہے اورمیں مستقبل میں بیجنگ میں واپسی لیے پرامید ہوں'۔18 ویں چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز بیجنگ کے نیشنل ٹینس سینٹر میں 3 اکتوبر کو ہوگا اور 9 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

وقت اشاعت : 29/09/2016 - 12:36:14