پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل آئرش کرکٹرز نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش مسترد کردی

جمعرات 9 مئی 2024 16:41

ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) آئرلینڈ کے کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل کرکٹ آئر لینڈ کی جانب سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش مسترد کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق2024 کے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش میں آئی سی سی فنڈنگ مارچ میں کلیئر ہونے کی وجہ سے تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے آئر لینڈ کے کھلاڑی گزشتہ برس کے سینٹرل کنٹریکٹس کے مطابق کھیل رہے ہیں۔

آئرش کرکٹ یونین (کرکٹ آئر لینڈ) نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش کی تاہم کرکٹرز نے اسے مسترد کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹرز معاوضوں میں اضافے اور دیگر مراعات کے خواہش مند ہیں اور آئرش کرکٹرز ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کے طرف سے کرکٹ آئر لینڈ کے ساتھ بات چیت کررہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ آئر لینڈ کے اخراجات بڑھنے اور فنڈنگ میں تاخیر ہونے سے معاملات تعطل کا شکار رہے تاہم اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو کھلاڑیوں کو یکم مارچ سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس ملیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے آئر لینڈ ٹیم نے (آج) جمعہ کو پاکستان کے خلاف پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلنا ہے، آئر لینڈ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد نیدرلینڈز کا دورہ کرے گی اور سہ فریقی سیریز کے بعد ورلڈکپ کے لیے امریکا روانہ ہوگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے تاحال سینٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔
وقت اشاعت : 09/05/2024 - 16:41:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :