ڈیل سٹین نے ڈی ویلیئرز کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کر دی

ہفتہ 10 دسمبر 2016 15:28

جوہانسبرگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) سٹار جنوبی افریقن فاسٹ بائولر ڈیل سٹین نے بھی عالمی ریکارڈ یافتہ بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کو ٹیسٹ ٹیم کا مستقل کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں دوبارہ ایکشن میں دیکھنے کیلئے بے چین ہیں۔ ڈی ویلیئرز اور سٹین کو ان دنوں فٹنس مسائل کے باعث پروٹیز ٹیم سے دوری کا سامنا ہے۔

سٹین سے قبل کنوینر آف سلیکٹرز لنڈا زونڈی بھی ڈی ویلیئرز کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سٹین نے اپنے بیان میں کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت ڈوپلیسی اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں لیکن ویلیئرز ٹیم کے ریگولر کپتان ہیں، وہ کافی عرصے سے ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے سخت محنت کے بعد یہ جگہ پائی تھی اور میں فٹ ہونے کے بعد انہیں دوبارہ کپتان کا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ رواں برس جنوری کے شروع میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران ہاشم آملہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہو گئے تھے جس کے بعد کرکٹ سائوتھ افریقہ نے عارضی بنیادوں پر ذمہ داری ڈی ویلیئرز کو سونپی تھی تاہم بعدازاں انہیں مستقل ٹیسٹ کپتان بنایا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 10/12/2016 - 15:28:40