تیسرا ون ڈے ، پاکستان نے 3وکٹوں پر 114رنز بنا لیے

جمعرات 19 جنوری 2017 10:03

تیسرا ون ڈے ، پاکستان نے 3وکٹوں پر 114رنز بنا لیے

پرتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 19جنوری۔2017ء ) پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 3وکٹوں پر 114رنز بنا لیے ہیں ۔پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے اب تک 3وکٹیں کھو کر 114رنز بنا لیے ہیں ۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور شرجیل خان نے کیا ، تیسرے اوور میں شرجیل خان نے اسٹین لیک کو ایک چھکا اور 3 لگا تار چوکے جڑ کر 20 رنز بٹورے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ 4رنز بنا کر ہیزلووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ۔

شرجیل اور بابر نے دوسری وکٹ کے لیے 49رنز بنائے،شرجیل نے ٹریوس ہیڈ کے ایک اوور میں 3چوکے لگا کر اپنی چوتھی نصف سنچری مکمل کی تاہم اگلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے،اسد شفیق بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 5رنز بنا کر ہیڈ کی گیند پر خواجہ کے ہاتھوں کیچ آؤ ٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں آسٹریلوی قائد سٹیو سمتھ نے مسلسل تیسری بار ٹاس جیتا تاہم پہلے دو میچز کے برخلاف پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے ، قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ میزبان ٹیم نے 2 تبدیلیاں کی ہیں، ہینڈسکومب ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ دراز قد فاسٹ باؤلر سٹین لیک کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔

واضح رہے کہ 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے ، پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو شکست کا مزہ چکھا کر حساب برابر کردیا تھا۔

وقت اشاعت : 19/01/2017 - 10:03:05