وین رونی مانچسٹر یونا ئیٹڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 250گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے

اتوار 22 جنوری 2017 14:20

وین رونی  مانچسٹر یونا ئیٹڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 250گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء)انگلینڈ کے معروف فٹبالر وین رونی فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 250گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔وین رونی نے یہ کارنامہ سٹوک سٹی کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے اختتامی لمحات میں فری کک پر گول کر کے سرانجام دیا۔اس طرح سٹوک سٹی کے خلاف میچ میں متبادل کے طور پر میدان میں آنے والے وین رونی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے 250واں گول سکور کیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ سر بابی شارلٹن کے نام تھا جنھوں نے 249 گول سکور کیے تھے۔سٹوک سٹی کے پاس یہ میچ جیتنے کا سنہری موقع تھا تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں وین رونی نے گول کر کے میچ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔یاد رہے کہ وین رونی نے 2004 میں 18 برس کی عمر میں ایورٹن سے مانچسٹر یونائیٹڈ میں شمولیت اختیار کی تھی اور یہ ان کا 546 واں میچ تھا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 31 سالہ وین رونی انگلینڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے 2015 میں سر بابی شارلٹن کا ریکارڈ بھی توڑ چکے ہیں تاہم اس بار انھوں نے کلب ٹیم کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جو 1973 سے سر بابی شارلٹن کے نام ہی تھا۔اس بارے میں وین رونی کا کہنا ہے کہ یہ میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ یہ بڑی اعزاز کی بات ہے اور مجھے فخر ہے۔ میچ کے نتیجے کے باعث زیادہ خوشی تو نہیں ہو رہی لیکن پھر بھی میرے لیے بڑا اعزاز ہے۔وین رونی نے کہا کہ میں نے اس کلب میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے یہ نہیں سوچا تھا، مجھے اس پر فخر ہے اور مجھے امید ہے کہ آگے بہت کچھ ہونے والے ہے۔

وقت اشاعت : 22/01/2017 - 14:20:32