Jadui Kalam - Article No. 1957

Jadui Kalam

جادوئی قلم - تحریر نمبر 1957

اُسے اپنے امتحانی نتائج اور اس کے مابعد کے مناظر صاف نظرآرہے تھے۔جس کا لازمی نتیجہ اسکول میں رسوائی ،دوستوں میں جگ ہنسائی ،والد سے پٹائی یا پھر ہوٹلوں میں برتنوں کی دھلائی یا سڑک پر پتھروں کی کٹائی تھا

ابوعبدالقدوس محمد یحییٰ بدھ 13 مارچ 2019

بیٹا عملی زندگی میں جادوئی قلم کا کوئی وجود نہیں کیونکہ یہاں اس طرح کے قلم پائے ہی نہیں جاتے لیکن مسلسل محنت سے بنائے ضرور جاسکتے ہیں۔ ساجد ایک ذہین لڑکا تھا لیکن وہ محنت سے جی چراتا اورہر وقت کسی ایسی سوچ میں ڈوبارہتا جو اس کے تمام مسائل اورپریشانیوں کوحل کردے۔وہ جب بھی کتابیں کھول کر بیٹھتاپڑھنے کے بجائے خیالات میں محوہوجاتا۔ جہاں اس کے مدمقابل کوئی اورنہ تھا۔
جب اس کے سالانہ امتحانات قریب آئے تو ایک رات وہ اپنی کتابوں کو سامنے رکھے امتحان کی تیاری کاجائزہ لے رہاتھا۔اس کی پریشانی کی کوئی انتہاء نہ رہی کہ جس انداز سے اس نے تیاری کی تھی اس کے ساتھ تو اس کا ایک پرچہ بھی پاس کرجانا کرامت سے کم نہ ہوتا۔ وہ اسی شش وپنج وپریشانی میں بیٹھا تھا۔ اُسے اپنے امتحانی نتائج اور اس کے مابعد کے مناظر صاف نظرآرہے تھے۔

(جاری ہے)

جس کا لازمی نتیجہ اسکول میں رسوائی ،دوستوں میں جگ ہنسائی ،والد سے پٹائی یا پھر ہوٹلوں میں برتنوں کی دھلائی یا سڑک پر پتھروں کی کٹائی تھا۔اسی حالت میں وہیں بیٹھے بیٹھے وہ پھر خوابوں کی دنیا میں چلاگیا۔اس نے خود کو ایک خوبصورت باغ میں پایا۔ جہاں ارد گرد سبزہ ہی سبزہ اورطرح طرح کے پھل دار درخت اورپھولدار پودے تھے۔ وہ باغ میں آگے ہی آگے بڑھتارہا۔
یہاں تک کہ وہاں اس نے ایک نورانی چہرے والا بہت ہی وجیہ خوبصورت آدمی دیکھا۔اس نے انہیں ادب واحترام سے سلام کیا۔بزرگ نے اس سے پوچھا کہ تم اتنے پریشان کیوں ہوں۔ اس نے امتحان کی تیاری کے متعلق اپنے خدشات عرض گزارکئے۔انہوں نے کہا تم کیاچاہتے ہو۔ اس نے کہا امتحان میں نمایاں کامیابی۔ وہ نورانی چہرے والے بزرگ مسکرائے اورکہا اچھا اس کا میرے پاس ایک حل ہے۔
میرے پاس ایک ایسا قلم ہے جوتمہارے تمام مسائل حل کردے گا یہ کہہ کر انہوں نے اپناہاتھ بڑھایا اورکہا یہ لو۔ اتناکہناتھا کہ ان کی ہتھیلی پر ایک خوبصورت قلم نمودارہوا۔ جب اس نے قلم لینے کے لیے ہاتھ بڑھایا تو انہوں کہا۔ اُسے معمولی قلم نہ سمجھنا۔ بلکہ یہ تو بہت سی نادیدہ اورغیرمرئی طاقتوں کا حامل قلم ہے۔کسی بھی سوال پر اس قلم کو رکھوگے تو یہ انتہائی فصیح وبلیغ زبان میں بہترین جواب تحریر کرے گا۔
یہ نہ صرف تمھیں لکھی ہوئی تحریر پڑھ کر سنائے گا بلکہ دنیا کی کسی بھی زبان میں کسی بھی مضمون اورموضوع پر خامہ فرسائی کرے گا۔خواہ کسی زبان کی کتنی ہی پیچیدہ وباریک بین عبارت ہی کیوں نہ ہو اسے عام فہم انداز سے اپنے قاری کو سمجھادے گا۔اس سے کھینچی ہوئی لکیریں لچکدار ہوں گی یعنی چھوٹی بڑی اورآسانی سے کسی بھی اندازسے موڑی جاسکتی ہیں۔
قلم لینے کے بعد اس نے خود کو کمرہ امتحان میں پایا۔جہاں واقعی قلم کی حیرت انگیزطاقتیں اس پر عیاں ہوئیں اور اس نے بہترین پرچے دیئے۔جب نتائج کا اعلان ہوا توپورے اسکول میں اس کی اول پوزیشن تھی۔وہ پھولے نہ سمارہاتھا۔ لیکن۔۔اچانک آنکھ کھل جانے سے اس کے تمام سہانے خواب دھرے کے دھرے رہ گئے۔یہ کیا وہ تو وہیں بیٹھا تھا اوروہی کتب اس کے سامنے تھیں۔
اچانک وہ اٹھا اورہر جگہ قلم کو تلاش کرنے لگا۔لیکن ندارد۔اس اثناء میں اس کے والد وہاں تشریف لے آئے۔پوچھا بیٹا ابھی تک سوئے نہیں اورکیاتلاش کررہے ہو؟ اس نے ابتداء سے انتہاء تک خواب سنایا۔ وہ یہ سن کر مسکرانے لگے۔ اورفرمایا بیٹا یہ عملی زندگی ہے یہاں اس طرح کے قلم ملتے نہیں بنائے ضرور جاسکتے ہیں۔اس نے کہا بنائے جاسکتے ہیں وہ کیسے؟کہامحنت ،محنت،اورصرف محنت سے۔
لیکن وہ قلم کیسے بنیں گے؟انہوں نے کہااگرتم انتہائی دلجمعی،جانفشانی سے اپنی تعلیم میں محنت کرو۔ اپنی لکھائی کو سنوارو اللہ رب العزت سے کامیابی کی دعا کرو توتمہیں بھی ایسا قلم حاصل ہوجائے گا۔ اورایک بات ذہن نشین کرلو کہ کسی بھی کام کے آغاز کا بہترین وقت کیا ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ موجودہ لمحہ ہی سب سے زیادہ اہم ہے جب ہم کسی بھی طور پر کسی کام کا آغاز کرسکتے ہیں۔
کیونکہ اسی لمحہ ہم میں قوت موجود ہے کچھ کرنے کی اور جب ایک بارکام کے عواقب ونتائج سے بہرہ مند ہوگئے اور جان لیا کہ وہ ناممکن العمل نہیں یعنی آسمان سے تارے توڑنے کے مترادف نہیں اورانسانی بساط میں ممکن ہے پھر خواہ چاند پر جانے ہی کاکام کیوں نہ ہو اور وہ اپنی قوت، وطاقت، استطاعت، صلاحیت،قابلیت،لیاقت،دلچسپیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کام کا ارادہ کرچکاہے توپھرکسی بھی طور پیچھے مڑکر نہ دیکھے۔
ہاں اگرتم اس انداز میں محنت کا ہتھیار استعمال کروگے توہرکامیابی تمہارے قدم چومے گی تم اگر وسیع العلم ہوگے تو جس موضوع پر بھی قلم اٹھاوٴ گے روانی سے لکھتے جاوٴ گے۔ ان کی باتیں اس کے ذہن نشین ہوگئیں اس نے اسی لمحہ سے محنت کرناشروع کی۔اور دن رات ایک کرتے ہوئے ہرنماز کے بعد اپنے رب حضور گڑگڑاکر دعائیں مانگیں۔ جس کی وجہ سے جب سالانہ نتائج کا اعلان ہوا توواقعی خواب حقیقت بن کراس کی نظروں کے سامنے تھا۔ اس وقت والد کے کلمات کی بازگشت اسے پھرسنائی دی " ہاں اگرتم محنت کا ہتھیار استعمال کروگے توہرکامیابی تمہارے قدم چومے گی"

Browse More Urdu Literature Articles