Aitbar Ka Lamha - Article No. 2538

Aitbar Ka Lamha

اعتبار کا لمحہ - تحریر نمبر 2538

"کیا واقعی اعتبار اتنا کمزور ہوتا ہے ماں جی کہ وہ پل بھر میں ٹوٹ جاتا ہے؟ کیا صرف ایک شخص آپ کا اعتبار توڑ دیتا ہے تو آپ چاه کر بھی کسی دوسرے پر اعتبار نہیں کر سکتے؟"

ملائکہ اعوان پیر 10 مئی 2021

"کیا واقعی اعتبار اتنا کمزور ہوتا ہے ماں جی کہ وہ پل بھر میں ٹوٹ جاتا ہے؟ کیا صرف ایک شخص آپ کا اعتبار توڑ دیتا ہے تو آپ چاه کر بھی کسی دوسرے پر اعتبار نہیں کر سکتے؟" ایسے بہت سے سوال اس کے ذہن میں گھوم رہے تھے جو وه اب ماں جی کے سامنے بیان کر رہی تھی
"بیٹا اعتبار اتنا کمزور نہیں ہوتا ہے بلکہ اعتبار ہی وہ ذریعہ ہوتا ہے جو آپ کو مضبوط بناتا ہے پھر بھلا اعتبار کیسے کمزور ہو سکتا ہے؟" ماں جی نرمی سے اس کا ہاتھ تهامے اسے سمجها رہی تهیں
"نہیں ماں جی اعتبار کیسے مضبوط بناتا ہے؟ اعتبار تو انسان کو توڑ دیتا ہے اعتبار تو یہی ہوتا ہے ناں کہ آپ کو یقین ہوتا ہے کہ یہ چیز آپ کی ہے، آپ کو ملے گی، پهر وه نہیں ملتی اور اچانک آپ کا اعتبار کانچ کے ذروں کی طرح ریزہ ریزہ ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

" وہ اب ماں جی کی گود میں چہرہ چھپا چکی تھی۔
"میرا بیٹا اعتبار آپ کو کبھی نہیں توڑتا۔ اعتبار در حقیقت کسی بھی رشتے کی طاقت ہوتا ہے لیکن کبھی کبھی ہم دوسرے پر اعتبار کی وہ عمارت تعمیر کرلیتے بیں جس کا بوجھ وہ اٹھا ہی نہیں سکتا اور پھر اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ہمارا اعتبار ٹوٹتا ہے۔ لیکن آپ کو معلوم ہے وہی ہمارا مضبوطی کا لمحہ ہوتا ہے۔
" ماں جی نے اس کا سر سہلاتے ہوئے کہا۔
"مضبوطی کا لمحہ ؟" اس نے سوالیہ نظروں سے ماں جی کو دیکھا۔
" ہاں بیٹا مضبوطی کا لمحہ۔ وہ لمحہ جب ہمارا اعتبار ٹوٹتا ہے وہی ایک لمحہ ہوتا ہے جب ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ کیا چیز ہمیں عزیز تھی؟ کس کو ہم عزیز تھے؟ کون ہمیں عزیز تها؟ کیا ہمارے لیے بہتر تھا یا کیا صرف اس وقت تک بہت حسین تھا جب تک وہ ہمارے پاس نہیں تھا اور اس کے نزدیک آتے ہی اس کا بھیانک چہرہ ہمارے سامنے آگیا." وہ ایک لمحے کے لیے رکیں۔

"اور معلوم ہے لوگ ہماری زندگی میں آزمائش بن کر آتے ہیں۔ کچھ لوگ آپ کا صبر آزماتے بیں، کچھ آپ کو درد کی تپش سے گزار کر کندن بنا دیتے ہیں، کچھ آپ کا وجود مختلف ذروں میں بکھیر دیتے ہیں تاکہ آپ کو اپنے اصل مقام کا علم ہوجائے، کچھ مجازی محبت میں آپ کو توڑ کر حقیقی محبت کا پتا بتا دیتے ہیں، کچھ آپ کو اپنی حدود سے واقف کر دیتے بیں اور انہی سب میں آپ کو اپنے اردگرد موجود ان لوگوں کا بھی علم ہو جاتا ہے جو ہمیشہ آپ کے ساتھ تھے، جنھوں نے لمحے بھر کے لیے آپ کو اکیلا نہیں چھوڑا تھا، جو آپ کے اعتبار پر ہمیشہ پورا اترا کرتے تھے لیکن –" وه کہتے کہتے رکیں۔

"لیکن عارضی لوگوں کی محبت ان مستقل لوگوں کی محبت کو دبا دیتی ہے کیوں کہ مستقل محبت کرنے والے لوگ اپنی محبت کا چرچا نہیں کرتے وہ صرف خاموشی سے محبت کرتے ہیں اور خاموشی سے آپ کا اعتبار بھی پورا کرتے ہیں اور اگر آپ ٹوٹ جاتے ہیں تو آپ کے ٹوٹے ہوئے وجود اور اعتبار کی کرچیاں بھی اٹھاتے ہیں اور ٹوٹے ہوئے لمحوں میں آپ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
" وہ خالی خالی نظروں سے ماں جی کو دیکهتی رہی شاید ساری گتھیاں کھل کر سامنے آ رہی تھیں۔
"اب یہ آپ پر منحصر ہے بیٹا کہ آپ ان مستقل لوگوں کو کیسے ڈھونڈتے ہیں جو ہر لمحہ آپ کے اردگرد ہی موجود ہوتے ہیں، آپ کا اعتبار قائم کرتے ہیں اور آپ کو مضبوط بناتے ہیں۔" ماں جی نے اس کے ماتھے پر بوسہ دیتے ہوئے کہا۔ وه ماں جی کے پاس سے اٹھ کھڑی ہوئی ساری سلجھی ہوئی گتھیوں کو سنبھالے اب اسے وہ گمنام حقیقی محبت کرنے والے لوگ ڈھونڈنے تھے۔۔!!

Browse More Urdu Literature Articles