Riffatt E Khayal Hi Husn E Khayal Hai - Article No. 2235

Riffatt E Khayal Hi Husn E Khayal Hai

رفعتِ خیال ہی حسنِ خیال ہے - تحریر نمبر 2235

رفعتِ خیال کسی جستجو کا محسن نہیں ہوتا یہ تو نصیب کی بات ہے جسے عطا ہو جاۓ کبھی تو ایک لمحے میں عطا ہو جاتا ہے

پیر 6 جنوری 2020

ارم صبا
رفعتِ خیال کسی جستجو کا محسن نہیں ہوتا یہ تو نصیب کی بات ہے جسے عطا ہو جاۓ کبھی تو ایک لمحے میں عطا ہو جاتا ہے تو کبھی ساری زندگی گزار کر بھی حاصل نہیں ہوتا رفعتِ خیال تو لطافتِ خیال ہوتا ہے جو کثا فت خیال سے یکسر مختلف ہوتی ہے سوال یہ یپدا ہوتا ہے کہ وہ کون سے پیمانے ہیں جن سے گزر کر حسنِ خیال کی بلندیوں کو چھوا جا سکتا ہے۔
رفعتِ تخیلات کے اسرار و رموز کیا ہیں کیا ظاہر کا زوال اور باطن کا عروج رفعت خیال ہے ۔ ہم جب تک فنا اور بقا کے اندر چھپے معانی کو نہ سمجھ لیں باطن سے آشنائی نہ حاصل کر لیں بلند خیال کے مکین نہیں بن سکتے ایک ایسا انسان جس کے نزدیک مادیت ہی مدعائے حیات ہے جس کا دل مادی دنیا کی تمنا ئوں سے لبریز ہو جو اپنے نفس کی تسکین اور لذت وجود میں کھویا رہے جو حاصل اور وصول کی جمع تفریق میں الجھا رہے وہ فروغ خیال کے رتبے کو کیا پہچانے گا ۔

(جاری ہے)


حسن خیال وہ بلندی خیال ہے جس کی جڑ میں جذبہ ایثار بلند فکری سوزو گداز اور زندگی کو منفعت بخش بنانا ہو جو خود پرستی کی تمنا سے آزاد ہو جو لزت وجود کے سحر میں نہ گھرا ہواور اندیشوں سے آزاد ہو ۔انسانی زندگی کو عطا کی گی نعمتوں میں حسن خیال ایک نعمت ہے جسے اپنی ذات کی گہرائیوں میں تلاش کر کے تراشا جاتا ہے جیسے جوہری پتھر کو تراش کر کے ہیرا بناتا ہے اسی طرح عام خیال کو رفعت خیال کے سانچے میں ڈھالنا ہی حسنِ زندگی ہے بلکہ حاصل زندگی ہے۔

واصف علی واصف نے کیا خوب فرمایا تھا کہ جس کے مزاج میں دینا نہیں ہے اس کے نصیب میں بلند خیالی نہیں آ سکتی۔ خود غرضی کا الٹ بے غرضی تو بلند خیالی ہے اپنے حاصل کو تقسیم کرنے والا وجودِ ذات کو دوسروں کے لئے وقف کرنے والا لوگوں کو زر اور ذات پرستی کے خوفناک نتائج سے آگاہی دلانے والا ہی خاک نشین سے عرش نشین کی رسائی حاصل کرتا ہے ۔جو بڑے نصیب کی بات ہے یہی تو حسن خیال کا راز ہے یہی تو روح رفعت خیال ہے ۔۔۔۔اور رفعتِ خیال ہی حسنِ خیال ہے

Browse More Urdu Literature Articles