Dana Dushman Nadan Dost Se Afzal Hai - Article No. 1319

Dana Dushman Nadan Dost Se Afzal Hai

دانا دشمن نادان دوست سے افضل ہے - تحریر نمبر 1319

یقین بالغیب کے باوجود شانِ حکمت دیکھنے کا شوق عارف میں ہوتا ہے۔اشیاء کا ظہور سبب کے تحت ہوتا ہے اور بے سبب میں جسم کی پرورش کی بجائے روح کی پرورش کرنی چاہیے۔

منگل 16 مئی 2017

حکایتِ رومی:
یقین بالغیب کے باوجود شانِ حکمت دیکھنے کا شوق عارف میں ہوتا ہے۔اشیاء کا ظہور سبب کے تحت ہوتا ہے اور بے سبب میں جسم کی پرورش کی بجائے روح کی پرورش کرنی چاہیے۔سختیاں رحمت کی بنیاد ہیں اور زندگی کی تلخیاں آخرت میں رحمت کا باعث ہیں۔حقیقت کے چراغ سبب کے چراغوں سے پاک ہوتے ہیں اور حقیقت کی جانب راہنمائی کرتے ہیں۔
وہ ہمارے نفوس کو تہذیب عطا کرتے ہیں جبکہ دانا دشمن نادان دوست سے افضل ہے۔
باطن میں راز کھل کر مشاہدہ اور گفتگو کی حقیقت ایک ہو جاتی ہے۔ازل سے ابد تک کے تمام حالات و واقعات روشن ہوجاتے ہیں۔عشق کا دین جان کا نور ہے اور یہ مقامِ امن ہے۔حق کی زبان سے ساتویں آسمان اور سدرةالمنتہٰی سے بولا جا سکتا ہے۔دل کے خون میں آلودہ ہوکر بھی سدرةالمنتہٰی اور اس سے آگے کا سفر کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

عاشق کوٹوکناتازیانہ کاکام کرتا ہے اور اس مقام کے احوال کا بیان اسی ذاتِ حق کا بیان ہے اور اس سے تعلق اپنی استعداد سے بھی بڑھ کر ہے۔
مقصود بیان:
مولانا محمد جلال الدین رومی رحمتہ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ جب بندہ مصائب وآلام میں مبتلا ہوتا ہے اور پھر وہ ان پر صبر کرتا ہے تو اس کے لئے آخرت میں بلند مرتبہ ہے اور عشق انسان کو سدرةالمنتہٰی تک لے جاتا ہے اور عشق کے ذریعے ہی بلند مرتبہ کا حامل ہوا جاسکتا ہے۔
عاشقوں کو ٹوکنا انتہائی برافعل ہے اور جو عشق کی حقیقت سے نا آشنا ہیں وہ عاشق کی حقیقت کو کیسے جان سکتے ہیں؟ عاشق حقیقی اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر منازل سلوک طے کرتا ہے اور اپنی جان کو مصیبت میں مبتلا کرتے ہوئے اپنے مقصودِ حقیقی کو پانے کا آرزو مند ہوتا ہے۔عشق کی رمز صرف عاشق ہی جان سکتا ہے اور عشق میں مبتلا کودنیا و مافیہاکی کچھ خبر نہیں ہوتی اور نہ ہی اسے دنیاوی اشیاء کی کوئی حاجت ہوتی ہے۔عاشق حقیقی جب اپنے عشق کی انتہاء کو پہنچتا ہے تو پھر اس کی تڑپ قابل دید ہوتی ہے۔
بقول حضرت شیخ فریدالدین عطار رحمتہ اللہ علیہ!
درد حاصل کن کہ درماں درد تست
درد و عالم داروئے جان درد تست

Browse More Urdu Literature Articles