Khamoshi Tere Liay Bais E Izzat Hai - Article No. 1423

Khamoshi Tere Liay Bais E Izzat Hai

خاموشی تیرے لئے باعث عزت ہے - تحریر نمبر 1423

منگل 8 اگست 2017

حکایات ِ سعدی :
حضرت شیخ سعدی رحمت اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ مصر کی ایک بستی میں ایک گوڈری پوش فقیر رہتا تھا۔ اور وہ کسی سے کوئی بات نہ کرتا تھا۔ اس کی یہ خاموشی دیگر لوگوں کے لئے اس کر بزرگی کی دلیل بن گئی تھی اور وہ لوگ اسے اللہ عزوجل کا نیک بندہ جان کر ہروقت پروانوں کی طرح اس کے گرد منڈلاتے رہتے تھے۔
اس شخص کی شامت اعمال دیکھئے کہ ایک دن اس کے دل میں خیال آیا کہ یہ جو اتنی مخلوق میرے گرد جمع ہوتی ہے یہ سب میرے صاحب کمال ہونے کی وجہ سے ہے او ر مجھے چاہیے کہ میں ان سب پر اپنے کمال ظاہر کروں اگر میں اس طرح خاموش رہا تو یہ لوگ کیسے جان سکیں گے کہ میں کتنا عالی مرتبت بزرگ ہوں؟
یہ خیال آتے ہی اس شخص نے اپنی خاموشی توڑ دی او ر آنے والے عقیدت مندوں سے گفتگو کرنا شروع کردی۔

(جاری ہے)

اگر وہ واقعی میں صاحب کمال ہوتا تو اس کی حکمت و دانائی کی باتوں سے لوگوں کے دلوں میں اس کے لئے عقیدت زیادہ ہوجاتی لیکن وہ جاہل تھا اس لئے جب اس نے لوگوں سے الٹی سیدھی باتیں کیں تو لوگ اس سے متنفر ہونا شروع ہوگئے اور اس کے پاس آنا چھوڑ دیا اور لوگوں کی اس سے عقیدت ختم ہوگئی۔
حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ یہ واقعہ بیان کرنے کے بعد فرماتے ہیں کہ اے عقل مند! خاموشی تیرے لئے باعث عزت ہے اور یہ ایسا وصف ہے جو تیری جہالت کو چھپاتا ہے۔
پس تجھ پر لازم ہے کہ تو بغیر ضرورت کے اور بغیر سوچے سمجھے گفتگو نہ کرے کہ تیرے عیوب دوسروں پر ظاہر ہوں۔
مقصود بیان:
حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ اس حکایت میں بیان کرتے ہیں کہ خاموشی بہت سے بھلائیوں کی جڑ ہے اور داناؤں کا قول ہے کہ کم سونا، کم کھانا،اورکم بولنا بہت سی برائیوں کو روکتا ہے اور جو انسان کم گو ہوتا ہے اس کی زبان غیبت، چغل خوری اور دیگر گمراہ کرنے والی باتوں سے محفوظ رہتی ہے۔

Browse More Urdu Literature Articles