Mout Ka Waqt - Article No. 1715

Mout Ka Waqt

موت کا وقت - تحریر نمبر 1715

انسان لاکھ تدبیر کرے تقدیر اسے وہیں لے جاتی ہے جہاں اس کا نصیب ہو اور وہ خود تقدیر کے عزائم پورا کرنے کے لیے اسباب فراہم کرتا ہے

بدھ 30 مئی 2018

حضرت سلیمان علیہ السلام کے دربار میں ایک آدمی لرزاں وترساں حاضر ہوا - مارے ہیبت کے اس کے منہ سے آواز نہیں نکل رہی تھی چہرہ دھلے ہوئے کپڑے کی طرح سفید ہوگیا تھا حضرت سلیمان علیہ السلام نے اس کی یہ کیفیت ملاحظہ فرمائی تو پوچھا اے خدا کے بندے کیا بات ہے؟ تو اتنا گھبرایا ہوا اور مضطرب کیوں ہے؟ اس نے عرض کیا کہ یاحضرت مجھے عزرائیل علیہ السلام نظر آیا اس نے مجھ پر ایسی غضب آلود نظر ڈالی کہ میرے ہوش و حواس گم ہو گئے رواں رواں تھراگیا اب بار بار عزرائیل علیہ السلام کی وہ صورت آنکھوں کے سامنے آتی ہے اس لئے مجھے کسی گھڑی بھی چین نہیں ارہا اس نے التجا کی کہ آپ ہوا کو حکم دیں کہ وہ مجھے یہاں سے ہزاروں میل دور ملک ہندوستان میں چھوڑ آئے ممکن ہے اس تدبیر سے میرا خوف کچھ دور ہوجائے حضرت سلیمان علیہ السلام نے اسی وقت ہوا کو حکم دیا کہ اس شخص کو فورا ہندوستان کی سرزمین میں پہنچا دے جونہی اس شخص نے قدم زمین پر رکھا وہاں عزرائیل علیہ السلام کو منتظر پایا آپ نے اللہ کے حکم سے اس کی روح قبض کرلی.

دوسرے دن حضرت سلیمان علیہ السلام نے بوقت ملاقات حضرت عزرائیل علیہ السلام سے دریافت کیا آپ نے ایک آدمی کو اس طرح غور سے دیکھا تھا کیا تمہارے ارادہ اس کی روح کو قبض کرنا تھا یا پھر اس بیچاری کو غریب الوطنی میں لا وارث کرنا تھا.
عزرائیل علیہ السلام نے جواب دیا کہ میں نے جب اس شخص کو یہاں دیکھا تو حیران ہوا کیونکہ اس شخص کی روح مجھے ہندوستان میں قبض کرنے کا حکم دیا گیا تھا اور یہ شخص ہزاروں میل دور یہاں موجود تھا حکم الٰہی سے میں ہندوستان پہنچا تو میں نے اس کو وہاں موجود پایا
درس حیات : انسان لاکھ تدبیر کرے تقدیر اسے وہیں لے جاتی ہے جہاں اس کا نصیب ہو اور وہ خود تقدیر کے عزائم پورا کرنے کے لیے اسباب فراہم کرتا ہے (حکایات رومی )

Browse More Urdu Literature Articles