Shetan Aur Aik Abid - Article No. 1902

Shetan Aur Aik Abid

شیطان اور ایک عابد - تحریر نمبر 1902

بنی اسرائیل میں ایک بہت بڑا عابد تھا۔اس کے زمانہ میں تین بھائی تھے جن کی ایک نوجوان بہن تھی ۔ اتفا قاً تینوں بھائیوں کو کہیں لڑائی پہ جانا پڑا

ہفتہ 9 فروری 2019

حکایاتِ شیطان
بنی اسرائیل میں ایک بہت بڑا عابد تھا۔اس کے زمانہ میں تین بھائی تھے جن کی ایک نوجوان بہن تھی ۔ اتفا قاًتینوں بھائیوں کو کہیں لڑائی پہ جانا پڑا۔ان کوکوئی ایسا شخص نظر نہ آیا۔جس کے پاس اپنی بہن کو چھوڑ جائیں اور اس پر بھروسہ کریں لہٰذا تینوں بھائیوں نے اس امر پر اتفاق کرلیا کہ بہن کو عابد کے سپرد کر جائیں وہ عابدان کی نظر میں تمام بنی اسرائیل میں پر ہیز گار تھا۔


چنانچہ وہ بہن کولے کر اس عابد کے پاس آئے ۔اور درخواست کی کہ جب تک ہم لڑائی سے واپس نہ آئیں ،ہماری بہن آپ کے سایہ عاطفت میں رہے ،عابد نے انکار کیا ان سے اور ان کی بہن سے خدا کی پناہ مانگی ،لیکن تینوں بھائیوں نے اصرار کیا اور راہب اس شرط پر مان گیا کہ اپنی بہن کو میرے عبادت خانہ کے سامنے کسی گھر میں چھوڑ جاؤ چنانچہ تینوں بھائیوں نے ایسا ہی کیا اور اپنی بہن کو عابد کے عبادت خانہ کے سامنے ایک گھر میں لا اتارا اور خود چلے گئے ۔

(جاری ہے)


وہ لڑکی عابد کے قریب ایک مدت تک رہتی رہی ۔عابد اس کے لیے کھانا لے کر چلتا تھا اور اپنے عبادت خانہ کے دروازے پر رکھ کر کواڑ بند کرلیتا تھا اور اندر واپس آجاتا تھا اور لڑکی کو آواز دیتا تھا وہ اپنے گھر سے آکر کھانا اٹھا کر لے جاتی تھی ۔کچھ دنوں کے بعد شیطان نے عابد کے دل میں یہ خیال پیدا کیا کہ لڑکی دن کو اپنا کھانا لینے کے لیے گھر سے نکلتی ہے ۔

کہیں ایسا نہ ہو کہ کوئی اسے دیکھ کر اس پردست اندازی کرے اور اس کی عصمت خراب کرے بہتر یہ ہے کہ میں خود اس کا کھانا اس کے دروازے پر رکھ آیا کروں گا اس میں مجھے اجر بھی بہت ملے گا۔الغرض وہ عابد اب خود کھانا لے کر اس کے گھر جانے لگا۔کچھ دنوں کے بعد شیطان پھر اس کے پاس آیا اور اسے اس بات پر ابھارا کہ اگر تم اس لڑکی سے بات چیت کیا کرو۔

تو لڑکی کی وحشت دور ہو گی اور یہ بڑا نیک کام ہوگا۔چنانچہ وہ عابد اب اس لڑکی سے کلام بھی کرنے لگا اور اپنے عبادت خانہ سے اتر کر اس کے گھر جانے لگا اور دن بھرتیں کرنے لگا وہ دن کو لڑکی کے پاس رہتا اور رات کو اپنے عبادت خانہ میں آجاتا کچھ عرصہ کے بعد شیطان نے عابد پر لڑکی کی خوبصورتی کا جا ل پھینکا اور روز عابد نے لڑکی کے زانو اور رخسار پر ہاتھ مارا۔
اس کے بعد شیطان برابراسے اکساتا رہا۔حتیٰ کہ اسے اس سے ملوث کردیا۔لڑکی نے ایک لڑکا جنا۔
پھر شیطان عابد کے پاس آیا اور کہنے لگا۔اگر لڑکی کے بھائی آگئے تو تم کیا کروگے؟میں ڈرتا ہوں کہ تم بڑے ذلیل ہو گے تم ایسا کروکہ اس بچے کو زمین میں گاڑ دو عابد نے ایسا ہی کیا۔پھر شیطان نے عابد سے کہا کہ مجھے شبہ ہے کہ یہ لڑکی اپنے بھائیوں سے سارا قصہ بیان کردے گی لہٰذا اسے بھی ذبح کرکے بچے کے ساتھ دفن کردو۔
الغرض عابد نے بچے کے ساتھ لڑکی کو بھی ذبح کرکے دفن کردیا اور خود عبادت خانہ میں جا کر عبادت کرنے لگا۔
ایک مدت کے بعد لڑکی کے بھائی واپس آئے اور عابد سے اپنی بہن کا حال پوچھا تو عابد نے کہا وہ مرگئی ہے اور قبرستان میں انہیں لے جا کر ایک قبر دکھادیا اورکہا یہ تمہاری بہن کی قبر ہے ۔اس قبر پر فاتحہ پڑھو ۔
بھائیوں نے دعائے خیر کی اور واپس گھر چلے آئے ۔
رات کو تینوں بھائیوں نے خواب میں دیکھا کہ شیطان ایک مسافر آدمی کی شکل میں آیا ہے اور ان سے ان کی بہن کا پوچھا۔انہوں نے اس کے مرنے کی خبر دی تو شیطان نے تینوں سے کہا ،نہیں ایسا نہیں ۔
بلکہ اس عابد نے تمہاری بہن کی عزت کو لوٹا ہے اور اس سے ایک بچہ پیدا ہوا،جسے عابد نے مارڈالا اور تمہاری بہن کو بھی ذبح کر ڈالا اور دونوں کو اس گھر میں جس گھر میں داخل ہو کر فلاں کنویں میں جا کر دیکھو۔
وہاں وہ گڑھا موجود پاؤ گے صبح تینوں بھائی اٹھے۔اور ایک دوسرے سے یہ خواب بیان کرکے اٹھے۔اور اس مکان میں گئے اور اسی کونے کی طرف بڑھے۔تو وہاں گڑھا موجود پایا۔کھوداتووہ دونوں لاشیں نکل آئیں اس کے بعد وہ عابد کے پاس آئے ۔
اور سارا ماجرہ بیان کرکے اس سے پوچھا تو اس نے بھی اقبال جرم کرلیا۔پھر تینوں نے بادشاہ سے جا کر
نالش کی تو عابد کو عبادت خانہ سے نکالاگیا اور اسے پھانسی کے لیے دار پر لایاگیا تو شیطان آگیا اور کہنے لگا مجھے پہچا نو میں تمہاری ساتھی ہوں ،جس نے تجھے عورت کے فتنے میں ڈال دیا۔
اب اگر تم میرا کہا مانو تو تمہیں پھانسی سے بچا سکتا ہوں اس نے کہا کہ کیا کہتے ہو؟میں مانوں گا شیطان نے کہا،خدا کا انکار کردو ،چنانچہ عابدبدبخت نے خدا کا انکار کردیا اور کافر ہو گیا۔
شیطان اسے وہیں چھوڑ کر چلا گیا۔اور سپاہیوں نے اسے دار پر کھینچ دیا۔

Browse More Urdu Literature Articles