Tufaan Nooh - Article No. 1923

Tufaan Nooh

طوفان نوح - تحریر نمبر 1923

حضرت نوح علیہ السلام کو پچاس برس کی عمر میں نبوت دی گئی تھی ۔آپ نے ساڑھے نوسو سال لوگوں میں تبلیغ کی ۔اس زمانے میں لوگ شرک اور قبر پرستی میں مبتلا تھے

بدھ 20 فروری 2019

حضرت نوح علیہ السلام کو پچاس برس کی عمر میں نبوت دی گئی تھی ۔آپ نے ساڑھے نوسو سال لوگوں میں تبلیغ کی ۔اس زمانے میں لوگ شرک اور قبر پرستی میں مبتلا تھے ۔ان کی تبلیغ کا لوگوں پر کچھ اثر نہ ہوا۔اس موقعہ پر اللہ تعالیٰ نے ان پروحی نازل کی کہ جو لوگ ایمان لے آئے وہ لے آئے اب ان میں سے کوئی ایمان لانے والا نہیں ہے پس ان کی حرکات پر غم نہ کر۔اس وحی کے بعد آ پ علیہ السلام نے یہ دعا فرمائی۔


”اے پروردگار تو کافروں میں سے کسی کو بھی زمین پر باقی نہ چھوڑ ۔اگر تو ان کو یونہی چھوڑ دے گا تو یہ تیرے بندوں کو بھی گمراہ کریں گے اور ان کی نسل بھی انہی کی طرح نا فرمان پیدا ہو گی ۔“
آپ علیہ السلام کی دعا قبول ہوئی اور آپ علیہ السلام نے اللہ کے حکم پر ایک کشتی بنانا شروع کی تو کفار نے آپ علیہ السلام کا مذاق اڑایا اور یہ کہنے لگے کہ اب تبلیغ کا کام چھوڑ کر کشتی سازی شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)


ان باتوں کے باوجود آپ علیہ السلام اپنے کام میں مصروف رہے ۔کشتی کی لمبائی تین سو ہاتھ ‘چوڑائی پچاس ہاتھ‘بلندی تیس ہاتھ تھی ۔کشتی میں تین طبقے سوا ر تھے ۔ایک طبقے میں چالیس مومنین اور ان کی بیویاں دوسرے طبقے میں پرندے ‘تیسرے میں چوپائے اور وحوش جوڑا جوڑا تھے۔
طوفان نوح علیہ السلام کا آغاز ایک تنور سے پانی نکلنے سے ہوا۔
اس کے بعد آسمان سے پانی برسنا شروع ہو گیا یہی طوفان کی صورت اختیار کر گیا۔یہ طوفان چالیس روز تک جاری رہا۔اس طوفان سے زمین پر اس قدر پانی ہو گیا کہ پہاڑ کی چوٹی سے بھی پندرہ گزاونچا ہوگیا۔حضرت نوح علیہ السلام کے نافرمان بیٹے نے ان کا کہا نہ مانا اور کشتی میں سوار ہونے کی بجائے پہاڑ پر چڑھ گیا۔وہ اسی پہاڑ پر غرق ہو ا ۔ایک روایت کے مطابق ماہ رجب بروز جمعتہ المبارک کو حضرت نوح علیہ السلام کشتی میں سوار ہوئے اور دس محرم الحرام کو اترے۔
کشتی ایک ماہ پہاڑ پر رکی رہی ۔زمین سے ڈیڑھ سو دن میں پانی اترا۔
کشتی میں جب لید کی بہتات ہو گئی تو اللہ تعالیٰ نے حضرت نوح علیہ السلام کو وحی کی کہ ہاتھی کہ دم دباؤ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا تو ایک جوڑا خنز یر پیدا ہو ا اس جوڑے نے ساری لید کھالی ۔جب کشتی میں چوہوں کی کثرت ہو گئی تو حضرت نوح علیہ السلام نے اللہ کے حکم پر شیر کے ماتھے پر دونوں ہاتھ مارے تو شیر کے نتھنوں سے بلی کا جوڑا پیدا ہوا۔
اس نے چوہوں کو کھانا شروع کیا اور ایک جوڑا باقی ر ہ گیا۔
ایک روایت کے مطابق طوفان نوح علیہ السلام پوری زمین پر آیا تھاجب کہ دوسری روایت یہ ہے کہ یہ طوفان ایک لاکھ چالیس ہزار کلو میٹر مربع رقبہ پر آیا تھا۔
حضرت نوح علیہ السلام کا انتقال 950یا ایک ہزار سال کی عمر میں ہوا تھا۔

Browse More Urdu Literature Articles