Haye Biryani - Article No. 2493

Haye Biryani

ہائے بریانی - تحریر نمبر 2493

زندگی گزر گئی لیکن کسی نے بریانی نہیں بنانے دی، شادی سے پہلے امی بناتی تھیں اور شادی کے بعد سسرال آگئی تو یہاں امی کی بہن مطلب میری ساس بناتی ہی

بدھ 24 فروری 2021

فرزین لہرا
زندگی گزر گئی لیکن کسی نے بریانی نہیں بنانے دی، شادی سے پہلے امی بناتی تھیں اور شادی کے بعد سسرال آگئی تو یہاں امی کی بہن مطلب میری ساس بناتی ہیں۔ اللہ دونوں کی عمر دراز کرے اور کبھی کسی کامحتاج نہ کرے آمین۔ ہاں تو میں کہہ رہی تھی کہ بریانی بنانے کا ارمان دل ہی دل میں ڈبکیاں کھاتا رہتا تھا ۔۔ کتنی ہی بار عرضی دی کہ مجھے اجازت دے دیں بریانی بنانے کی لیکن نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات!! اسی دوران میں نے میٹھی سی زبان میں ایک آسان سی بریانی کی ترکیب دیکھی، بس تو پھر رہا نہ گیا کیونکہ دل تو آخر دل ہے نا میٹھی سی مشکل ہے ناکے مصداق ایک بار پھر ساسو ماں کے حضور فرشی سلام پیش کرکےبریانی بنانے کی اجازت چاہی، اُنھوں نے چشمے کی اوٹ سے مجھے گھورتےہوئے تسبیح ختم کی اور مجھ پر ایک زوردار پھونک ماری، میں نثار ہوگئی اس اچانک دَم کے حملے پر، اب کہ میں نے اپنا سر ان کی گود میں رکھ دیا کہ میری پیاری ماتا، اگر آپ کہیں تو میں آج بریانی بنا لوں، اُنھوں نے اتنےہی عاجزانہ انداز میں جواب داغا کہ بیٹا ایک سادے چاول تو تم سے بنتےنہیں بریانی کا حلوہ ہم تو نہیں کھا سکتے۔

(جاری ہے)

۔ میں اِس میزائیلی جواب کی تاب نہ لا کر چپ چاپ کھسک لی کہ کہیں چاول کے ساتھ ساتھ میرے اوربھی ناکام تجربات کا حوالہ نہ دینے لگ جائیں۔ اب بریانی کا کیا کروں؟؟؟اس ہفتے جب امی کے گھر گئی تو وہاں میں نے بڑے ہی لاڈ سے بریانی بنانے کی بات کی۔۔ میری ماں نے جو کچھ کہا اُسے رہنے دیتے ہیں لیکن بس چپل کھاتے کھاتے رہ گئی۔۔ پھر آپ کی بہن نے رونی سی صورت بنالی اور اباجی سے مدد مانگی، اباجی نے اماں جی کے تمام دلائل کو ناک آؤٹ کر دیا اور یوں بریانی بنانے کی اجازت مل گئی۔
۔ اب اصل کھیل شروع ہوا۔
میں: امی بریانی کا پتیلا کہاں ہے؟
امی: تجھے نہیں ملے گا میں دیتی ہوں۔
میں: امی ہری مرچیں کہاں رکھی ہیں
امی: پسی ہوئی تو ہیں ثابت والی نہیں ہیں بنانا ہے تو بنا ورنہ رہنے دے۔
میں: نہیں نہیں !! بنا رہی ہوں میں
میں؛ اچھا امی جائفل جاوتری کیا ہوتی ہے، وہ بھی دے دیں پلیز
امی: ہم نہیں استعمال کرتے یہ سب، اس کے بغیر بنانا ہے تو بنا ورنہ رہنے دے۔

میں: نہیں نہیں کوئی بات نہیں ، ایسے ہی ٹھیک ہے، اچھا لونگ دے دیں ، کہاں رکھتی ہیں؟ بتا دیں میں خود نکال لونگی
امی: تجھے نہیں ملے گا میں نکال دیتی ہوں
یہ کہہ کر امی نے میرے ہاتھ میں ایک لونگ دھر دیا، میں نے بے یقینی سے امی کی طرف دیکھتے ہوۓ کہا “بس ایک لونگ!!”
امی: بھئی ہم تو ایک ہی ڈالتے ہیں، بنانی ہے بریانی تو بنا ورنہ رہنے دے۔

میں: امی فوائل دے دیں پلیز
امی: ہمارے گھر میں کوئی فوائل کے شسکے نہیں ہیں، سادہ لوگ ہیں ہم، بریانی بنانی ہے تو بنا ورنہ رہنے دے
میں نے ڈر کر وہ ایک لونگ جلدی سے پیاز میں شامل کر لیا کہ کہیں یہ بھی ضبط نہ ہوجاۓ۔ اسی پریشر اور ٹینشن میں امی کی گھورتی ہوئی نگاہوں اور دھمکیوں کے ساۓ تلے آپ کی بہن نے بریانی بنائی۔ امی کو بہت پسند آئی اور ابو کو بھی، آپ کے جیجاجی کےلئے بھی گھر لے آئی تھوڑی ، انھوں نے بھی پاس کردی۔
میں نے امی سے کہا کہ امی ابھی تو آپ نے کم چیزیں دی تھیں اگرسب کچھ ترکیب کے حساب سے دیتیں تو سوچیں کیا ہی سواد ہوتا!! امی نے کہا کہ اگلی بار میں خود اسی ترکیب سے بناؤ گی، تُو کچن میں ہیروئن کی طرح کھڑی ڈوئلے (کھانا پکانے کا چمچ) چلائے اور میں سب نکال نکال کر دوں؟ اس سے اچھا ہے کہ میں خود ہی نہ بنالوں!!
اب آپ لوگ ہی بتائیں کہ آپ کی بہن کس سے فریاد کرے؟

Browse More Urdu Literature Articles