پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت لیا

پاکستان نے فیصلہ کن معرکے میں بھارت کو 3-2 فریمز سے زیر کیا

جمعہ 28 جون 2019 22:30

پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ ..
دوحہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2019ء) پاکستان ٹیم بی نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت لیا، پاکستان نے فیصلہ کن معرکے میں بھارت کو بیسٹ آف فائیو فریمز میں 3-2 سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ جمعہ کو دوحہ، قطر میں منعقدہ چیمپئن شپ میں کھیلے گئے فائنل میں بابر مسیح اور ذوالفقار عبدالقادر پر مشتمل پاکستان ٹیم بی نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنکج ایڈوانی، لکسمن راوت اور ادتیا مہتا پر مشتمل بھارت ٹیم اے کو بیسٹ آف فائیو فریمز میں 2 کے مقابلے میں 3 فریمز سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پاکستانی ٹیم نے مسلسل ابتدائی دونوں فریمز 79-1 اور 71-1 سے جیت کر برتری حاصل کی لیکن بھارت کی ٹیم نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے دونوں فریمز 58-18 اور 67-39 سے جیت کر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا، آخری اور فیصلہ کن فریم میں پاکستانی ٹیم مکمل طور پر چھائی رہی اور اس نے 69-9 سے کامیابی حاصل کر کے میچ میں 3-2 سے جیت کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پاکستان ٹیم بی نے سیمی فائنل میں تھائی لینڈ کو 3-2 فریمز سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔ واضح رہے کہ محمد بلال اور اسجد اقبال پر مشتمل پاکستان ٹیم اے کو کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔