جمعیت علمائے اسلام کی کوششوں سے وڈھ میں دو قبائل کے درمیان دیرینہ تنازعہ کا تصفیہ ہوگیا

پیر 7 اگست 2017 16:59

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) جمعیت علمائے اسلام کی کوششوں سے وڈھ میں دو قبائل کے درمیان دیرینہ تنازعہ کا تصفیہ ممکن ہوسکا ،جے یوآئی کے سینئر رہنماء مولانا محمد نصیب مینگل نے قبائلی شخصیت حاجی عبدالغفور مینگل کے ساتھ ملکر مائنزکے تنازعہ پر بارانزئی قبیلے کے دو گروہوں کے درمیان تنازعہ کا تصفیہ کرادیا۔علاقے کے عوام کی جانب سے فیصلے کا خیر مقدم ۔

تحصیل وڈھ کے علاقہ درکھالہ آمڑزئی میں بارانزائی مینگل قبیلے کے دوگروہوںمیں مائنز معدنیات نکالنے پرآج سے تین سال قبل تنازعہ پیدا ہواتھا ۔ تب سے ہر دو فریقوں کو مائنزنکالنے سے روک دیا گیا تھا جس کی وجہ سے نہ صرف خطیررقم کی آمدنی بند ہوگئی تھی بلکہ سینکڑوں مزدوروں کے روزگار کا سلسلہ بھی بند ہوگیا تھا ۔

(جاری ہے)

تاہم گزشتہ روزجے یوآئی کے رہنماء و ممتاز عالم دین مولانا محمد نصیب مینگل اور قبائلی رہنماء حاجی عبدالغفور مینگل نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے بارانزئی قبیلے کے دونوں گروہوں کے درمیان مائنزپر تنازعہ کا خاتمہ کرتے ہوئے ان کا تصفیہ کرادیا ۔

اس موقع پر بارانزئی قبیلے کے ایک فریق کی نمائندگی حاجی رسول بخش بارانزئی ، میر عبدالوہاب بارانزئی اور دوسرے فریق کی نمائندگی محمد رحیم بارانزئی ، حاجی محی الدین بارانزئی کررہے تھے ۔ جب کہ علاقہ کے معتبرین حاجی محمد ہاشم رئیسانی، میر عبدالوہاب بارانزئی مولانا میر محمد بارانزئی میر محمد گزگی مینگل بھی موجود تھے ۔ تصفیہ کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اور تحصیلد وڈھ کے سامنے فریقین کے چار چار افراد نے تحریری دستخط دیتے ہوئے اس تصفیہ پر رضامندی کا اظہار کردیا ۔

اس فیصلے کے بعد تین سالوں سے مائنزنکالنے پر پابندی ہٹادی گئی ہے اور دونوں فریق اس فیصلے پر رضامندہوگئے ہیں۔ اب وہ بخوشی مائنزنکال کر فروخت کرسکتے ہیں ۔جے یوآئی رہنماء مولانا محمد نصیب مینگل نے کہاہے کہ باہمی اتحاد و اتفاق اور بھائی چارہ جے یوآئی کے منصب میں شامل ہے ۔ ہم کافی عرصے سے اس کوشش میں لگے تھے کہ بارانزئی قبیلے کے دو گروہوں میں تنازعہ کا تصفیہ ہو اور آج الحمد اللہ ہمیں اس میں کامیابی ملی ہے اور دونوں فریق آپس میں شیر شکر ہوگئے اور ان کا فیصلہ ممکن ہوسکا ۔ہماری کوشش ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح قبائل کے درمیان تنازعہ کا تصفیہ ہو اور قبائل باہم شیر و شکر ہوجائیں ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں