لاہور ، ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام شہداء مستونگ،پشاور اور بنوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

اتوار 15 جولائی 2018 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام شہداء مستونگ،پشاور اور بنوں کی غائبانہ نماز جنازہ چوبرجی چوک میں ادا کی گئی جس میں تمام مکاتب فکراور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔غائبانہ نمازجنازہ حلقہ این ای125سے ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار محمد یعقوب شیخ نے پڑھائی۔

اس موقع پر اللہ اکبر تحریک کے پی پی167سے امیدوارحافظ خالد ولید، امیدوار پی پی150محمد عامر شیخ اورجماعة الدعوة لاہور کے مسئول ابوالہاشم ربانی بھی موجود تھے۔غائبانہ نماز جنازہ سے قبل ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما اور این اے 125سے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں ہونیوالی دہشت گردی پاکستانی معیشت،سی پیک اور انتخابات کے خلاف سازش ہے۔

(جاری ہے)

پشاور،بنوں اور مستونگ میں ہونیوالے دھماکوں میں بھارت ملوث ہے جس نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔شہداء کا خون رنگ لائے گا اورملک امن وامان کا گہوارہ بنے گا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان امن کی علامت ہے۔یہ ایک نظریئے پر قائم ہونیوالا ملک ہے۔پاکستان اس خطے میں امن وسکون چاہتا ہے لیکن بیرونی قوتیں یہاں امن و امان تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔

انڈیانے پاکستان کے نظریئے ،عدلیہ،مقننہ کو تسلیم نہیں کیا اور اس ملک میںدہشت گردی کو پروان چڑھایا ہے۔بھارت کا نیٹ ورک کبھی بلوچستان اور کبھی گلگت بلتستان سے پکڑا جاتا ہے۔وہ پاکستان کے امن و سکون کو بھی تباہ و برباد کر رہا ہے۔پشاور اور بلوچستان میں ہونے والی تخریب کاری الیکشن کے دنوں میں ہوئی۔بیرونی قوتوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کے محافظ بیدار ہیں۔

یعقوب شیخ نے کہا کہ کشمیر میں بھی چادر وچاردیواری کا تقدس پامال ہو رہا ہے۔عالمی ادارے،اقوام متحدہ کو کشمیر میں ہونے والا ظلم کیوں نظر نہیں آتا۔ایک طرف کشمیر میں ظلم و بربریت دوسری طرف پاکستان میں دھماکے کروائے جا رہے ہیں۔کشمیر میں گن کا مقابلہ غلیل سے ہو رہا ہے۔کشمیری مائیں غاصب بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر بھی آزاد ہو گا،پاکستان بھی امن و امان کا گہوارہ بنے گا اور بیرونی قوتوں کی تمام کوششیں اورمنصوبے ناکام ہوں گے۔پاکستان امن و امان کا گہوارہ اورعالمی تجارتی مرکز بنے گا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے حوصلے بلند رکھیں۔ 07-18/--113

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں