ہماری سیاست عوامی حقوق کے حصول کیلئے ہے‘ طاہر کھوکھر

بدھ 27 ستمبر 2006 12:29

میرپور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27ستمبر2006 ) ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ متاثرین زلزلہ کے غم میں ایم کیو ایم برابر کی شریک ہے۔ متاثرین کے لئے ایم کیو ایم سے جو ہو سکا ہم نے کیا اور کر رہے ہیں۔ ہماری خدمات ہمیشہ زلزلہ سے متاثرہ بھائیوں کے لئے حاضر ہیں۔ ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن غم کی اس مشکل گھڑی میں متاثرین زلزلہ کے ساتھ ہے۔

قائد تحریک الطاف حسین بھائی کے پیغام کو آزاد کشمیر کے گھر گھر گلی گلی کوچہ کوچہ تک پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں۔اس کامیابی کی بڑی وجہ قائد تحریک کی ہدایات ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر ہم نے آزاد کشمیر کے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی۔ ایم ایم اے باوجود سالہ سال کی محنت کے آزاد کشمیر میں ناکام رہی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا منطق مذہب پر سیاست کرنا نہیں بلکہ ہماری سیاست عوام کے حقوق کے لئے ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

ہم نے نہ کبھی مذہب کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا اور نہ ہی انشاء اللہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متاثرین زلزلہ کی یاد میں 3 رمضان کو ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ حکومت متاثرین زلزلہ کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔متاثرین کو چھت کی فراہمی سردیوں سے پہلے پہلے ضروری ہے۔ ایم کیو ایم اسمبلی میں بھی اس سلسلے میں بھرپور آواز اٹھائے گی اور متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت گئے جب حکومت کے فیصلے عوام کے علم میں اس وقت آتے تھے جب ان پر عمل درآمد بھی ہو چکا ہوتا تھا اب عوام سمجھدار ہو چکے ہیں۔ حکومت نے ایم او یو معاہدہ کر کے میرپور کے عوام کا استحصال کیا ہے۔ میرپور ڈویژن سے حکومت نے سیٹیں کی سیٹوں میں سے میرپور ڈویژن کی سیٹیں نکال لی جائیں تو اس کے پاس گنتی کی چار چھ سیٹیں بچتی ہیں۔

ناانصافی کی اس سے بڑھ کر اور کیا حد ہو سکتی ہے کہ جس نے ایم سی کو حکومت میں بٹھایا اسی کے حقوق کو غصب کر کے پیروں کی سیوا کی جا رہی ہے۔ سردار عتیق کو پیری مریدی کا اتنا ہی شوق ہے تو وہ اس شوق کو اپنے آپ تک رکھیں میرپور کے عوام کو اس کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ایم او یو کا معاہدہ واپس نہ لیا اور میرپور میں سرکاری میڈیکل کالج کا اعلان نہ کیا تو ایم کیوا یم حکومت کے خلاف منظم تحریک چلائے گی۔