جنرل اسمبلی میں پاکستا ن کی پیش کردہ قرارداد کی منظوری جموں و کشمیر اور فلسطین کے مکینوں کے لئے امید کی کرن ہے،منیر اکرم

بدھ 20 دسمبر 2023 14:06

جنرل اسمبلی میں پاکستا ن کی پیش کردہ قرارداد کی منظوری  جموں و کشمیر ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2023ء) پاکستان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے غیر قانونی محکوم علاقوں کے لیے حق خود ارادیت کی توثیق متعلقہ علاقوں کے مکینوں کے لیے امید کی کرن ہے،اس کی سفارشات جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق و ثقافتی مسائل کے حوالے سے تیسری کمیٹی نے متفقہ منظوری کے بعد گزشتہ ماہ پیش کی تھیں ۔

یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے قومی خبررساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1981 سے یہ قرارداد پیش کر رہا ہے تاکہ دنیا کی توجہ ان لوگوں کی جانب مبذول کرائی جا سکے جو ابھی تک اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جن میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین نمایاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر وفلسطین کے عوام کے حق خودارادیت کو بے دردی سے دبایا جا رہا ہے، حق خود ارادیت کے حوالے سے پاکستان کی قرارداد کی متفقہ منظوری امید کی کرن ہے کہ وہ غیر ملکیوں سے اپنی آزادی کو یقینی بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ 64 ممالک کی حمایت سے پیش کی گئی اس قرارداد میں ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر غیر ملکی فوجی مداخلت اور بیرونی ممالک اور علاقوں پر قبضے کے ساتھ ساتھ جبر، امتیازی سلوک بند کریں۔

قرارداد میں جنرل اسمبلی کی غیر ملکی فوجی مداخلت، جارحیت اور قبضے کی کارروائیوں کی سخت مخالفت کا بھی اعلان کیا گیا کیونکہ ان کے نتیجے میں دنیا کے بعض حصوں میں لوگوں کے حق خود ارادیت اور دیگر انسانی حقوق کو دبایا گیا ہے۔ قرار داد میں ذمہ دار ریاستوں سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ دوسرے ممالک اور علاقوں میں اپنی فوجی مداخلت اور قبضے کے ساتھ ساتھ جبر، امتیازی سلوک، استحصال اور بدسلوکی کی تمام کارروائیاں فوری طور پر بند کریں۔

اسمبلی نے ان لاکھوں پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کی حالت زار پر بھی افسوس کا اظہار کیا جو ان کارروائیوں کے نتیجے میں در بدر ہیں ،قرار داد میں ان کی حفاظت اور عزت کے ساتھ رضاکارانہ طور پر اپنے گھروں کو لوٹنے کے حق کی توثیق کی گئی۔ انسانی حقوق کی کونسل پر زور دیا گیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خصوصی توجہ دے بالخصوص غیر ملکی فوجی مداخلت، جارحیت یا قبضے کے نتیجے میں حق خود ارادیت کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جائے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس قرارداد کی منظوری مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور بھارتی مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کی توثیق ہے جیسا کہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی ادارے کی متعدد قراردادوں سے واضح ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ عمل مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں امید فراہم کرے گا۔قرارداد میں سیکرٹری جنرل سے اس سوال پر جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔