آٹھ اکتوبر کے زلزلہ متاثرین کو سہولیات کی فراہمی میں سماجی تنظیموں کا کردار مثالی رہا‘ شفیق جرال

ہفتہ 7 اکتوبر 2006 15:01

مظفرآباد( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07اکتوبر2006) آزادجموں وکشمیر میں ۸ اکتوبر کے زلزلہ میں متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی امداد‘متاثرین کو شیلٹرز اور طبی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی میں حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیموں کا کردار انتہائی مثالی رہا ہے ۔کشمیر ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن نے انتہائی نامساعدہ حالات مین تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت وامور حیوانات مرزا محمد شفیق جرال نے کے ڈی ایف کے زیر اہتمام نوتعمیر شدہ الحبیب ماڈل پبلک سکول امبور( راڑو ) کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ لوگوں کی معاشی ترقی حکومتی ترجیحات میں اولین حیثیت رکھتی ہے اور آزاد جموں وکشمیر میں زراعت کے شعبے میں جدید سائنسی اصولوں کے تحت ترقی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول میں کشمیر ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور دیگر سماجی تنظیمیں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کے ڈی ایف کے چیئرمین چوہدری ظفر اقبال نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر میں تعلیم تربیت ‘زراعت صحت اور نوجوانوں کو حصول روزگار میں مدد کے شعبوں میں اپنے انسانی اور مالی وسائل کو بھرپور طریقہ سے استعمال کرے گی تاکہ ہم دنیا کی ترقی یافتہ اور خوشحال اقوام کی صف میں شامل ہوسکیں‘کشمیر ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو سردار آفتاب احمد خان نے کہاکہ فاؤنڈیشن نے گزشتہ ایک سال کے دوران متاثرین زلزلہ کی ہر شعبے میں بھرپور مدد کی ہے اور ہم آزادکشمیر میں ایک خوشحال ‘باوقار اور خودانحصار معاشرہ کی تشکیل میں اپنی تکینکی بروئے کار لائیں گے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشمیرڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن نے ۹ اکتوبر ۲۰۰۵ ء سے لیکر اب تک 11230 خاندانوں کو ریلیف1890گھرانوں کو شیلٹر‘31220مریضوں کو طبی سہولت 65 نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کو تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے میں مدد18مساجد کی بحالی کے ساتھ ساتھ 1190بچوں کو سکول کتب ‘بیگ ‘کاپیاں اور360بچوں کو مکمل سکول یونیفارم فراہم کیئے۔

فاؤنڈیشن کے آئندہ ترجیحات میں فنی تربیت تعلیم اور زراعت کے شعبے میں ترقی شامل ہیں۔تقریب سے کشمیر ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے سیکرٹری ستاء القمر کوارڈینٹر چوہدری خالد حسین ایڈووکیٹ شہزاد لولابی‘پرنسپل الحبیب ماڈل سکول آمنہ حسن اور دیگر نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :