نواز شریف نے عام انتخابات سے قبل وطن واپسی کیلئے عرب سربراہان سے مدد مانگ لی۔۔ شہباز شریف کی آئندہ 2 ہفتوں میں جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کا عنقریب وطن واپسی کا فیصلہ

منگل 27 مارچ 2007 13:59

دوبئی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27 مارچ 2007) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے عام انتخابات سے قبل وطن واپسی کے لئے عرب ممالک کے سربراہان سے مدد مانگ لی ہے۔ ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے عام انتخابات سے قبل خاندان کے ہمراہ وطن واپسی کیلئے عرب ممالک کے سربراہان سے تعاون کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ عرب سربراہان صدر مشرف پر زور دیں کہ وہ ان کو اور ان کے خاندان کو وطن واپسی کی اجازت دے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق چند روز قبل لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ شہباز شریف 2 مہینے کے اندر جبکہ ان کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر عنقریب ملک واپس آئیں گے۔ اجلاس میں ظفر اقبال جھگڑا بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیپٹن (ر) صفدر لاہور یا کراچی کی بجائے پشاور ایئر پورٹ پر اتریں گے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ سرحد میں مسلم لیگ (ن) کے صدر پیر صابر شاہ نے نواز شریف کو فون کیا ہے کہ کیپٹن صفدر کے لئے انہوں نے انہوں نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق کیپٹن صفدر نے بھی پلان کی تصدیق کر دی ہے۔ واضح رہے کہ شہباز شریف نے گزشتہ سال وطن واپس آنے کی کوشش کی تھی تاہم انہیں لاہور ایئر پورٹ سے واپس سعودی عرب بھجوا دیا گیا تھا۔