کراچی میں دوسرے روز بھی ہنگامے جاری‘ مزید 3افراد جاں بحق‘ پٹرول پمپ و موٹر سائیکل نذر آتش،کئی علاقوں میں صورتحال کشیدہ‘ کاروبار زندگی معطل رہا۔ پولیس اور رینجرز کا گشت جاری‘ درجنوں افراد گرفتار‘ ایم کیو ایم نے یوم سوگ اور اے آر ڈی نے یوم سیاہ منایا۔چیف جسٹس کو دوبارہ مدعو کریں گے‘ سندھ ہائی کورٹ بار

اتوار 13 مئی 2007 14:45

کراچی+لاہور + اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار13 مئی2007) کراچی میں خونی دن کے بعد اتوار کو بھی مختلف علاقوں میں ہنگامی آرائی اور جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کے واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں صورتحال کشیدہ رہی اور کاروبار زندگی معطل رہا‘ قائد آباد میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا مشتعل افراد نے پٹرول پمپ اور کئی دکانوں و موٹر سائیکل کو نذر آتش کردیا جبکہ کورنگی اور قصبہ کالونی میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد کو ہلاک کردیا گی‘ شہر میں رینجرز کا گشت جاری رہا ادھر پولیس نے درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا ایم کیو ایم نے کراچی کے حوالے سے یوم سوگ جبکہ اے آر ڈی کی طرف سے یوم سیاہ منایا گیا جبکہ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چوہدری کو دوبارہ کراچی مدعو کریں گے جبکہ واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی مختلف شہروں میں نماز جنازہ ادا کی گئی ‘ کراچی میں تشدد کے واقعات کے پیش نظر پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز کے ہنگاموں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے اور 75 گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں جبکہ اتوار کو بھی شہر میں معمولات زندگی معطل اور کئی علاقوں میں صورتحال کشیدہ رہی۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق کراچی میں کاروبار زندگی معطل رہا جبکہ شہر کے رہائشی علاقوں میں صبح کے وقت عام طور پر کھلنے والی دکانیں، ہوٹل اور بیکریاں بھی بند دکھائی دیں، شارع فیصل پر گزشتہ روز جلائی گئی گاڑیوں کا ملبہ ہٹا کر کنارے کر دیا گیا،کئی مقامات پر پتھر،شیشے اور راکھ ابھی تک موجود ہے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر تھی انتہائی مجبوری کے تحت گھروں سے نکلنے والے لوگ پیدل یا اکادکا گاڑیوں میں سفر کرتے دکھائی دیئے ۔

شہر میں پولیس اور رینجرز گشت جاری رہا ،جمشید کوارٹر کے علاقے پیٹل پاڑہ ،لسبیلہ،اورنگی ٹاوٴن کے علاقے بنارس چوک ،سہراب گوٹھ میں سپر ہائی وے پر مشتعل افراد نے پتھراوٴ کیا اور سٹرکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائر جلائے۔ ذرائع کے مطابق کورنگی کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کا نام محمد علی بتایا گیا ہے۔ ادھر قائد آباد ،اورنگی ٹاوٴن کے داخلی راستے بنارس چوک اورقصبہ کالونی میں ہنگامہ آرائی ہو رہی جبکہ فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

ہنگامہ آرائی میں فائرنگ اور جلاوٴ گھیراوٴ کی اطلاعات ملی ہیں۔ قائدآبادمیں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور ہوائی فائرنگ کی جہاں فائرنگ میں ایک شخص کے ہلاک ہو نے کی اطلاع موصول ہو ئی ہے۔قائدآباد میں مشتعل ہجوم نے ایک موٹر سائیکل کو نذرآتش کر دیا۔بنارس چوک پر ہنگا مہ آرائی کے باعث پولیس نے نارتھ ناظم آباد سے اورنگی جانے والے راستے کو عبداللہ کالج کے پاس بند کردیااور نارتھ کراچی سے حب ڈیم سے جانے والے راستے اور حبیب بینک چورنگی سے سائٹ جانے والے راستے کو بند کردیا گیا جبکہ بنار س چوک اور قصبہ کالونی میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبا دلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص محمد نورانی نامی شخص ہلاک ہوگیا۔

علاقے میں گھیراوٴ جلاوٴ کی بھی اطلاعات ملیں تاہم اس کی تصدیق نہیں کی جا سکی جبکہ سپر ہائی پر پتھراوٴ اور ٹا ئر نذرآتش کئے گئے جس سے ٹریفک معطل ہو گیا، جسے بعد میں پولیس اور رینجرز نے بحال کر ادیا۔ناظم آباد اور اورنگی جانے والا راستہ بھی بند ہو گیاہے۔پٹیل پاڑہ میں بزنس ریکارڈر روڈ بند ہے اور علاقے میں کشید گی پا ئی جاتی ہے۔ملیر میں بھی صورتحال کشیدہ رہی قائد آباد میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کا نام سیف الرحمن بتایا گیا ہے۔

مشتعل ہجوم نے موٹر سائیکل کو بھی نذر آتش کردیا۔ ادھر گلبرگ کے علاقے واٹر پمپ چونگی میں دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم ہوا جس دوران انہوں نے ایک پٹرول پمپ ‘ پاس کی دکانیں نذر آتش کردیں۔ جبکہ سی سی پی او کراچی اظہر فاروقی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران بتایا کہ گزشتہ روز ہنگاموں میں درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاہم انہوں نے گرفتاریوں کی حتمی تعداد بتائی اور نہ یہ بتایا کہ مزید گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے یا اتوار کے روز روز بھی کوئی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

جبکہ کراچی کے ہنگاموں میں جاں بحق ہونیوالوں کی اسلام آباد اور کراچی میں مختلف مقامات پر نماز جنازہ ادا کی گئی اتوار کو چار میتیں وفاقی دارالحکومت لائی گئیں جنہیں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان اور شہداء کے عزیز و اقارب نے وصول کیا جاں بحق ہونیوالوں میں پرویز اختر کیانی‘ ارشاد خان اور دیگر شامل ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن اظہر علی کی نماز جنازہ ماڈل کالونی میں ادا کی گئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر مشاہد الله خان ‘ رکنی قومی اسمبلی راجہ محمود الحسن اور دیگر نے شرکت کی۔

ادھر متحدہ قومی موومنٹ بدین زون پنگریو کے کارکن محمد سرور ملیر کے علاقے میں شرپسند عناصر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا ایم کیو ایم کی پرسی ریلیز کے مطابق محمد سرور بدین سے متحدہ قومی موومنٹ کی ریلی میں شرکت کے لئے کراچی آیا تھا کہ ملیر کے علاقے میں شرپسندوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ابرار حسن نے برطانوی رڈیو چینل سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اب ہم چیف جسٹس کو کراچی مدعو کرنے کے لئے کوئی اور تاریخ مقرر کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنی طاقت کا مظاہرہ نہیں کریں گی کیونکہ اس معاملے سے سیاسی جماعتوں کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایساانتظام کیا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ کے کمپاوٴنڈ میں بھی کوئی غیر وکیل داخل نہیں ہوسکتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں بردبار سیاست نہیں ہے بلکہ اسلحہ کے بل بوتے پر سیاست کی جاتی ہے۔ جبکہ ایم کیو ایم نے واقعہ کراچی میں ہلاکتوں پر سوگ اور اے آر ڈی نے یوم سیاہ منایا اور مجلس عمل نے آج پیر کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں تشدد کے واقعات کے پیش نظر پنجاب بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

گزشتہ روز ایک جاری کردہ حکم نامہ میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس احمد نسیم نے کراچی میں تشدد کے واقعات کے تناظر میں صوبہ کے تمام ریجنل پولیس افسران،سٹی پولیس افسران اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کے قیام کے لیے فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پولیس فورس کو ہائی الرٹ رکھیں۔حکم نامہ میں کہا گیا کہ پبلک مقامات ،بس اسٹاپوں،مارکیٹوں،مساجد،امام بارگاہوں،سینماوٴں،ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر پٹرولنگ اور ناکہ بندی کی جائے۔مشتبہ افراد اور اشتہاری مجرمان اور تخریب کار عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور ان مقامات پر خفیہ کیمرے اور میٹل ڈٹیکٹر بھی نصب کیے جائیں۔