Live Updates

جون کے پہلے ہفتے میں لندن جا رہا ہوں ، الطاف حسین کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم کئے جائیں گے ۔ عمران خان ۔۔میڈ یا ٹرائل شروع کیا جائے گا ،وکلاء کی تحریک ملک میں جمہوریت کی بحالی، عدلیہ کی آزادی اور وقار کی بحالی پر متنج ہوگی ، پشاور ہائی کورٹ بار سے خطاب

منگل 22 مئی 2007 19:54

پشاور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار22 مئی2007) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیئرمین عمران خان نے جون کے پہلے ہفتے میں لندن جانے وہاں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم کرنے اور میڈیا ٹرائل چلانے کا اعلان کردیا ہے یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالطیف آفریدی، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر مولانا شمس الحق اور دیگر سینئر وکلاء بھی موجود تھے عمران خان نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک دہشت گرد ٹولہ ہے اور جب تک اس سے الطاف حسین کو فارغ نہیں کیا جاتا اسے سیاسی جماعت تسلیم نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وہ25مئی کو اپوزیشن پارٹیوں کے اجلاس میں یہ تجویز پیش کریں گے کہ جب تک الطاف حسین کو ایم کیو ایم سمیت دیگر دہشت گردوں کو فارغ نہیں کیا جاتا اس وقت تک کوئی سیاسی جماعت اس سے اتحاد نہ کرے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ قیام پاکستان کے بعد اب وکلاء کی تحریک ملک کے لئے اہم ترین ثابت ہوئی ہے ملک میں پہلی بار عدالتوں نے اپنی طاقت دکھائی ہے انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں عدلیہ آزاد نہ ہو اس وقت تک کسی شعبے میں ترقی ممکن نہیں ہوسکتی انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں جو کچھ کیا ان کو اس بات کا کوئی ڈر نہیں تھا کہ عدالتیں یا کوئی دوسری طاقت انہیں روکیں گی یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم کے دہشت گردوں نے نہتے اور پرامن سیاسی کارکنوں کو اپنے ظلم وزیادتی کا نشانہ بنایا اور ا سکے بعد مگر مچھ کے آنسو بہانا شروع کئے حالانہ ان کا ایک فرد تک زخمی نہیں ہو اانہوں نے کہا کہ دنیا میں دہشت گردی کی جو تعریف ہوئی ہے اس کے مطابق الطاف حسین پاکستان کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے انہوں نے کہا کہ جون کے پہلے ہفتے میں وہ لندن جائیں گے اور برطانیہ میں ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم کریں گے اس کے لئے وکلاء کا پینل تیار کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اسی طرح وہاں کے وزیر اعظم سے استفسار کیا جائے گا کہ آپ لوگ تو دہشت گردی کے خلاف ہیں اور اس کے خلاف بننے والے عالمی اتحاد کا اہم حصہ ہیں تب ایک دہشت گرد الطاف حسین کو آپ لوگوں نے کس طرح برطانوی شہریت دے رکھی ہے اور وہ برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں کی نگرانی کررہا ہے جو کہ برطانوی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے عمران خان نے کہا کہ وہ لندن میں الطاف حسین کی دہشت گردی کے خلاف میڈیا ٹرائل بھی کریں گے اس حوالے سے انہوں نے وہاں اہم رابطے مکمل کرلئے ہیں ہم انہیں برطانیہ سے بھاگنے پر مجبور کردیں گے صدر مملکت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اس نے تباہی مچا دی ہے فاٹا میں بے گناہ افراد کے قتل عام کے بعد بلوچستان پر فوج کشی کی اور ہزاروں بے گناہ افراد کو قتل کیا اور یہ سب کچھ وہ اپنی کرسی کے بچانے کے لئے کررہا ہے انہوں نے کہا کہ اقتدار سے چمٹے رہنے کے لئے جنرل پرویز دہشت گردی اور اسلامی انتہا پسندی کو ختم کرنے کے بیانات دیتے نہیں تھکتا اور نام نہاد روشن خیالی کا شوشا چھوڑا گیا ہے جبکہ ان کی روشن خیالی ناچ گانے اور فحاشی تک محدود ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ کو خوش کرنے کے لئے جنرل پرویز ہر انتہا تک جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو قتل کرنا تو دہشت گردی ہے تاھم مسلمانوں کے قتل عام پر مغربی دنیا سمیت ایجنٹ حکمران خاموش رہتے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ فوجی آمروں کو ہمیشہ عدلیہ نے تحفظ فراہم کیا تھا اگر جسٹس منیر فیصلہ نہ دیتے تو آج عدلیہ آزاد ہوتا اور کسی کو اس پر وار کرنے کی جرات نہ ہوتی انہوں نے کہا کہ ملک کی خوشحالی عدلیہ کی آزادی سے وابستہ ہے انہوں نے کہا کہ اسی طرح صوبائی خودمختاری بھی کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے اہم ہے انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز کے انٹرویو اس بات کے عکاس ہیں کہ وہذاتی اقتدار کو طول دینے کے لئے ملک کی سالمیت کو داؤ پر لگا چکے ہیں انہوں نے کہا کہ ججز پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ حکومت کے حق میں فیصلہ دیں تاھم وکلاء نے جس تحریک کاآغاز کیا اس سے یہ دباؤ کافی کم ہوا ہے اور انشاء اللہ حتمی فیصلہ جمہوریت کے استحکام اور عوام کی خواہشات کے مطابق ہوگا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات