امریکہ کی غلامی سے نکلے بغیر مڈٹرم یانئے انتخابات بے فائدہ ہونگے  جماعت اسلامی  صدر زر داری انتخابی وعدے پورے نہیں کر سکے  جمہوریت کو خطرہ حکمرانوں کی پالیسیوں سے ہے منور حسن، کراچی واقعات میں ایم کیوایم کی چھتری تلے ’را‘ اور بلیک واٹر ملوث ہیں  ملک گیر سطح پر گو امریکہ گوریلیاں نکالنے کیلئے حکومت سے باہر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر چکے  جلد ایک نکاتی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہو جائیں گی  ساہیوال میں گو امریکہ گوریلی اور پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 31 دسمبر 2009 19:19

ساہیوال +اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔31دسمبر۔ 2009ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سیدمنورحسن نے کہاہے کہ امریکہ کی غلامی سے نکلے بغیر مڈٹرم یانئے انتخابات بے فائدہ ہونگے  صدر زر داری انتخابی وعدے پورے نہیں کر سکے  جمہوریت کو خطرہ حکمرانوں کی پالیسیوں سے ہے  کراچی واقعات میں ایم کیوایم کی چھتری تلے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور امریکی بلیک واٹر ملوث ہیں  جوحکومت اپنی پارٹی قائد کے قاتلوں کاکھوج نہیں لگاسکی وہ عوام کو کیا دیگی‘ ملک گیر سطح پر گو امریکہ گوریلیاں نکالنے کیلئے حکومت سے باہر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر چکے ہیں  جلد ایک نکاتی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہو جائیں گی ۔

وہ بدھ کویہاں ”گوامریکہ گو “ ریلی کے شرکاء اور پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر محمدکمال نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ظفرخاں بلو چ نائب امیر پنجاب ‘ نذیراحمد جنجوعہ سیکرٹری پنجاب اورمقامی قائدین ڈاکٹر عبدالقدیرلاشاری ‘اے ڈی چوہدری‘ شیخ شاہدحمید ‘ منورعلی خاں‘ طیب خاں بلوچ ‘رانا زاہدفاروق بھی موجود تھے۔

سید منور حسن نے کہاکہ 18فروری کوہونیوالے انتخابات سے قوم کی امیدیں پورانہیں ہوئیں۔ مشرف پالیسیوں کاتسلسل جاری ہے۔ صدرزرداری نے مشرف کوعالمی پروفیسر بنادیا۔ صدرزرداری کی جمہوریت کوخطرہ خود انکی اپنی حکومت اورپالیسیوں سے ہے جوکوئی بھی انتخابی وعدہ پورا نہیں کرسکیں انہوں نے کہاکہ نام نہاد اتحادی نوازشریف صرف رائیونڈ میں بیٹھ کر حکومت پرتنقید کرتے ہیں۔

صدرزرداری نے فوج کے سپریم کمانڈر ہونے کے اورامریکی غلام ہونے کے باوجود دونوں پرجمہوریت کیخلاف سازش کاالزام لگایاہے۔ حکومت کاسوات وزیرستان کاملٹری آپریشن ناکام ہوچکاہے۔ 50لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ ہزاروں اہلکار اور سویلین مارے جاچکے ہیں۔ پوراملک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردی اورآتش زنی میں کھربوں روپے کے نقصان میں ایم کیوایم ملوث ہے جس نے راتوں رات پہلے سے تیار شدہ جماعت اسلامی‘ طالبان اور نوازشریف کیخلاف بینرز چند گھنٹوں میں لہرادیئے۔

ان واقعات میں ایم کیوایم کی چھتری تلے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور امریکی بلیک واٹر نے کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے این آر او کے فیصلہ پر عملدرآمد نہ ہواتوجماعت اسلامی عوامی سیلاب کیساتھ اسلام آباد کارخ کریگی۔ انہوں نے مڈٹرم یانئے انتخابات کی امریکہ کے خطہ سے نکلے بغیر انعقاد کی مخالفت کی اورمطالبہ کیا کہ بھارت کی جنون پرستی کا موثرجواب دیاجائے۔

پاکستانی طالبان کیساتھ مذاکرات کئے جائیں اور ملٹری آپریشن بند کیاجائیگا اورتمام وطن پرست قوتیں ملک کوبچانے کیلئے ایک ہوجائیں۔ امریکہ گو احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہاکہ امریکہ افغانستان میں شکست کھانے کے بعد مزید تیس ہزار فوج افغانستان میں اپنی گھری ہوئی افواج کو بچانے کیلئے پاکستان میں لانا چاہتا ہے جسے پاکستان کے عوام اپنی سر زمین پر آنے کی اجازت نہیں دینگے امریکہ طالبان سے جنگ ہار نے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے امریکی بلیک واٹر اور بھارتی ایجنسی را پاکستان کو غیر مستحکم کر نے کیلئے کوشاں ہے انہوں نے کہاکہ بھارت نے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کیلئے سرحد پر فوجیں لگا دی ہیں قبائلی علاقوں میں آپریشن بند نہ کیا گیا تو ملک کے حالات کنٹرول کر نا نا ممکن ہو جائیں گے ایک سوا ل کے جواب میں سید منور حسن نے کہاکہ ملک گیر سطح پر گو امریکہ گوریلیاں نکالنے کیلئے حکومت سے باہر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر چکے ہیں  جلد ایک نکاتی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہو جائیں گی دریں اثناء لاہور سے ساہیوال جاتے ہوئے اوکاڑہ بائی پاس پر شباب ملی اوکاڑہ کے صدر ملک افضل اعوان کی زیر قیادت کارکنوں کے استقبالی کیمپ میں گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا کہ موجودہ حکومت امریکی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے کراچی میں محرم کے جلوس پر حملے اور دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات منصوبہ بندی کا حصہ ہیں۔

قبائلی علاقوں کے مظلوم بے گناہ عوام کو ڈرون حملوں کے ذریعے قتل کیا جارہا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل پرویز کیانی آپریشن کو بند کروائیں۔