ایف بی آراوروزارت پانی و بجلی ملک کے دوکرپٹ ترین محکمے ہیں ، خواجہ محمد آصف

جمعہ 7 مئی 2010 13:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مئی۔2010ء) مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنماء خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایف بی آراوروزارت پانی و بجلی ملک کے دوکرپٹ ترین محکمے ہیں جن لوگوں کو نشانِ عبرت بننا چاہیے انہیں ایوارڈ دئیے جاتے ہیں  بابر اعوان  لطیف کھوسہ اور جمشید دستی پرالزامات لگے لیکن انہیں تحفظ دیا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کی شرح 4ارب روپے نہیں بلکہ 10ارب سے زائد سالانہ ہے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایک سال میں اکیس ارب روپے ریکور کرائے ہیں کرپشن کی موجودگی میں گڈگورننس ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آمریت کے ادوار میں بھی کرپشن ہوتی رہی ہے لیکن آج تک کسی فوجی جرنیل پر کرپشن کا ایک مقدمہ تک نہیں بنا سیاستدانوں کا احتساب الیکشن میں بھی ہوتا ہے اورجن لوگوں کی شہرت خراب ہو انہیں عوام مسترد کر دیتے ہیں ہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے کہہ رہے ہیں کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر قانون لایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فرنس آئل پر روزانہ ڈیڑھ ارب روپے کی سبسٹڈی دی جارہی ہے سٹیل ملز اور پی آئی اے سمیت کئی قومی ادارے نقصان میں جارہے ہیں جب تک صورتحال کو بہتر بنانے کا عزم نہ ہو حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شوکت ترین جیسے اچھے لوگ بھی موجود ہیں لیکن حکمران ایسے لوگوں کو رکھنا نہیں چاہتے۔ حکمران نہیں چاہتے کہ کوئی بندہ شوکت ترین بن جائے۔ وہ ایسے لوگوں کو پسند کرتے ہیں جو بابر اعوان یا لطیف کھوسہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا سب سے بڑا ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ ہے ہم چاہتے ہیں کہ احتساب بلاامتیاز ہونا چاہیے۔