مسلم کانفرنس ماضی کا حصہ بن چکی ‘آئندہ سیاست میں اسکا کوئی کردارنہیں ہوگا ‘ مسلم کانفرنس والے عوام کو بتائیں کہ کوڑیوں کے بھاؤ دی گئی لیزز سے عوام کو کیا فائدہ پہنچا ، اقتدار کے مزے لوٹنے والے آمروں سے حساب کتاب ضروری ہوگیا ہے ، وزیرصحت عامہ و قدرتی وسائل سردار قمر الزمان خان کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 13 دسمبر 2012 16:28

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔13دسمبر 2012ء) وزیرصحت عامہ و قدرتی وسائل سردار قمر الزمان خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس ماضی کا حصہ بن چکی ‘آئندہ کی سیاست میں اس کا کوئی کردارنہیں ہوگا ‘ مسلم کانفرنس والے عوام کو بتائیں کہ کوڑیوں کے بھاؤ دی گئی لیزز سے عوام کو کیا فائدہ پہنچا ، اقتدار کے مزے لوٹنے والے آمروں سے حساب کتاب ضروری ہوگیا ہے یہ عوام کا مطالبہ ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم الحاق پاکستان کے نام پر بلیک میلنگ نہیں کررہے ، ہماری پارٹی کی بنیاد بھی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کی وجہ سے رکھی ہے اور ہم کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کا حصہ ہیں ، پیپلز پارٹی نے کبھی بھی اقتدار کے لئے کسی آمر کا سہارا نہیں لیا ، ہمیشہ آمروں کے خلاف جنگ لڑی ہے ، آزاد خطہ کے عوام کی پیپلزپارٹی سے وابستگی مفادات سے بالاتر ہے یہاں تمام فیصلے میرٹ پر ہوتے ہیں اگر چوہدری مجید کی جگہ کسی اور کو نامزد کیا جاتا تو یقیناً دیگر ہم میرٹ لوگوں کی دل آزاری ہوتی ، مرکزی قیادت نے سنیارٹی اور قربانیوں کی بنیاد پر چوہدری مجید کو وزیراعظم نامزد کیا جسے ہم نے دل سے تسلیم کیا ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن بننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ سردارعتیق کی جالبازیوں سے مسلم لیگ (ن) والے پوری طرح آگاہ ہیں ، سردار عتیق پر اگر سب کو اعتبار ہوتا تو (ن) لیگ آزاد کشمیر میں کبھی بھی نہ بن پاتی ، سردار قمر الزمان خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اسمبلی کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی بتایا جائے کہ کروڑوں روپے کمیشن لے کر آزاد خطہ کے وسائل کو کس طرح فروخت کیا گیا ، وزیراعظم پاکستان کا استقبال تاریخی ہوگا جس میں 50 ہزار سے زائد لوگ شرکت کریں گے(ہاشمی)