راولاکوٹ شہر اور گردونواح میں سگریٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 40سے 50 فیصد اضافہ

پیر 24 جون 2013 15:20

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 24جون 2013ء)راولاکوٹ شہر اور گردونواح میں سیگریٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں یک مشت چالیس سے پچاس فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، پرانے سٹاک اور پرانی درج قیمتوں کے باوجود صرف مصنوعی قلت پیدا کر کے سیگریٹ کے ایک پیکٹ کے پندرہ سے بیس روپے اضافی بھتہ وصول کیا جا رہا ہے لیکن پرائس کنٹرول کمیٹی اور انتظامیہ اس سارے عمل کے سر عام جاری رہنے کے عمل کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، شہری دکانداروں کے اس رویہ کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ سیگریٹ کی ایجنسیوں سے ہی سیگریٹ مہنگے فراہم کئے جا رہے ہیں جس کے باعث ہم مہنگے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں، اس بات کا بھی واضح اظہار کیا جا رہا ہے کہ یہ سب عمل غیر قانونی ہے اور کسی بھی شے پر جو نرخ درج ہوتے ہیں گاہک وہی نرخ ادا کرنے کا پابند ہوتا ہے لیکن اس سب کے باوجود بلیک میلنگ کا یہ سلسلہ سرعام انتظامیہ کی ناک کے نیچے جاری ہے اور پورے شہر میں جاری اس ناجائز منافع خوری کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر فی الفور اس عمل کو روکا نہ گیا تو بھرپور احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ ناجائز منافع خوروں کیخلاف از خود کارروائی کی جائے گی۔