چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ (کل) ای او بی آئی میں اربوں کی کرپشن پر از خود نوٹس کی سماعت کریگا، چیئرمین ای او بی آئی ، ڈی جی ایف آئی اے ، وفاقی سیکرٹری ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور اٹارنی جنرل (کل) طلب،سپریم کورٹ کے6 بنچ (کل) سے مشرف غداری کیس، لوڈ شیڈنگ، رینٹل پاور پراجیکٹس میگا کرپشن ،پولیس فاؤنڈیشن پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ، الطاف حسین کے دھمکی آمیز بیانات، سٹیل ملز کرپشن کیس، حج2010 کرپشن کیس، سابقہ دور میں650 سی این جی لائسنس کے غیر قانونی اجراء سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت کرینگے

اتوار 30 جون 2013 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔30جون۔2013ء) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی طرف سے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوٹ میں اربوں روپے کی کرپشن بارے میڈیا رپورٹس پر لئے گئے از خود نوٹس کی (کل) پیر کو سماعت ہوگی، عدالت نے چیئرمین ای اوبی آئی ، ڈی جی ایف آئی اے ، وفاقی سیکرٹری ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور اٹارنی جنرل کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے ، چیف جسٹس (کل) سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس، بجلی کی لوڈ شیڈنگ، رینٹل پاور پراجیکٹس میں میگا کرپشن ،پولیس فاؤنڈیشن کے پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے دھمکی آمیز بیانات، پاکستان سٹیل ملز کرپشن کیس، حج2010 کرپشن کیس، سابقہ دور میں650 سی این جی لائسنس کے غیر قانونی اجراء سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت کیلئے 6 بینچ تشکیل دیدیئے، جاری روسٹر کے مطابق بینچ نمبر ایک میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری، جسٹس اعجاز محمد چوہدری اور جسٹس گلزار احمد شامل ہوں گے، بینچ نمبر دو میں جسٹس تصدق حسین جیلانی اور جسٹس محمد اطہر سعید جبکہ بینچ نمبر تین میں جسٹس ناصر الملک اور جسٹس اقبال حمید الرحمان ہوں گے، روسٹر کے مطابق بینچ نمبر چار میں جسٹس جواد ایس خواجہ ، جسٹس خلجی عارف حسین اور جسٹس اعجاز افضل خان ہوں گے، بینچ نمبر پانچ میں جسٹس انور ظہیر جمالی، جسٹس آصف سعید خان کھوسہ اورجسٹس شیخ عظمت سعید جبکہ بینچ نمبر چھ میں جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس امیر ہانی مسلم مقدمات کی سماعت کریں گے۔